Saturday, May 18, 2024

سابق چیئرمین سینٹ نیئر بخاری کا شامل تفتیش ہونے سے انکار، پولیس کی بیان کیلئے قائل کرنے کی کوشش

سابق چیئرمین سینٹ نیئر بخاری کا شامل تفتیش ہونے سے انکار، پولیس کی بیان کیلئے قائل کرنے کی کوشش
May 13, 2016
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) سابق چیئرمین سینٹ نیئر بخاری کو شامل تفتیش کرنے کے لئے پولیس منتوں پر اتر آئی۔ تفتیش متاثرہ اہلکار کے بیان اور سی سی ٹی وی فوٹیج سے آگے نا بڑھ سکی۔ نئیر بخاری کی لیگل ٹیم نے انہیں پیش ہونے کے بجائے تحریری بیان جمع کرانے کا مشورہ دے دیا۔ شہر اقتدار کی کچہری میں پولیس اہلکار نے سابق چیئرمین سینٹ نیئر حسین بخاری کی تلاشی لینے کی جرأت کی تو انہوں نے دھکے مارے اور بیٹے نے تھپڑ رسید کر دیا۔ مقدمہ درج ہوا تو نیئر بخاری اور بیٹے نے ضمانت کروا لی۔ عدالت نے انہیں 16مئی سے قبل شامل تفتیش ہونے کی ہدایت کی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نئیر بخاری نے شامل تفتیش ہونے سے انکار کر دیا ہے تاہم مقامی پولیس کی جانب سے انہیں بیان کے لئے قائل کرنے کی کوشش کی جاری ہے۔ نیئر حسین بخاری کی لیگل ٹیم نے بھی انہیں تحریری بیان تھانہ مارگلہ میں جمع کروانے کا مشورہ دیا ہے۔ ذرائع بتاتے ہیں کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے باوجود سابق چیئرمین سینٹ میں نا مانوں کی زد پر قائم ہیں تاحال اپنا جرم ماننے کے لئے تیار نہیں اور وہ تشدد کے واقعہ کا ذمہ دار پولیس اہلکار محمد ریاض کو ہی ٹھہرا رہے ہیں۔ دوسری جانب پولیس کی تفتیش متاثرہ اہلکار کے بیان اور سی سی ٹی وی فوٹیج سے آگے نہیں بڑھ سکی۔ عدالت نے نیئر حسین کی عبوری ضمانت 10روز کے لئے منظور کرتے ہوئے انہیں 16مئی کو دوبارہ پیش ہونے کا حکم دے رکھا ہے۔ ذرائع نے امید ظاہر کی ہے کہ مقررہ تاریخ سے قبل سابق چیئرمین سینٹ کو بیان کے لئے راضی کر لیا جائے گا۔