Saturday, April 20, 2024

سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کی غیر قانونی تقرری، نیب کو 3 دسمبر تک جواب جمع کرانے کی مہلت

سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کی غیر قانونی تقرری، نیب کو 3 دسمبر تک جواب جمع کرانے کی مہلت
November 27, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کی غیر قانونی تقرری کے خلاف نیب ریفرنس میں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیب کو 3 دسمبر تک جواب جمع کرانے کی مہلت دے دی۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں یوسف رضا گیلانی ، راجہ پرویز اشرف اور دیگر ملزموں کی بریت کی درخواست پر سماعت میں نیب نے ملزمان کی درخواستوں پر تاحال جواب جمع نہ کرایا۔ عدالت نے کہا نیب 3 دسمبر تک پرویز اشرف، یوسف رضا گیلانی اور دیگر کی بریت کی درخواستوں پر جواب جمع کروائے ۔

سابق سیکرٹری سکندر حیات میکن، سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر اوگرا جاوید نذیر، شوکت حیات درانی نے بھی بریت دائر کر رکھی ہے۔ ملزمان نے ریفرنس خارج کر کے کیس سے بری کرنے کی استدعا کر رکھی ہے۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کیس کی سماعت کی۔ کرپشن ریفرنس میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سمیت چھ ملزمان نامزد ہیں۔ ملزمان پر خلاف قانون اور میرٹ سے ہٹ کر توقیر صادق کو چئیرمین اوگرا تعینات کرنے کا الزام ہے۔ کیس کی سماعت 3 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔