Tuesday, May 21, 2024

سابق ٹیسٹ کرکٹر اور مایہ ناز لیگ اسپنر عبدالقادر انتقال کر گئے

سابق ٹیسٹ کرکٹر اور مایہ ناز لیگ اسپنر عبدالقادر انتقال کر گئے
September 7, 2019
 لاہور (92 نیوز) سابق ٹیسٹ کرکٹر اور مایہ ناز لیگ اسپنر عبدالقادر انتقال کر گئے۔ جادوگر اور گگلی ماسٹر کے طور پر مشہور کرکٹر نے حرکت قلب بند ہونے پر لاہور میں دم توڑا ایک عہد ختم ہوا اور کرکٹ کے افق کا ایک اور درخشندہ ستارہ غروب ہو گیا۔ سابق ٹیسٹ کرکٹراور لیجنڈری لیگ اسپنرعبدالقادرحرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے۔ دل کا دورہ جان لیوا ثابت ہوا اور عبدالقادرسروسز اسپتال میں ماضی کا حصہ بن گئے۔ عبدالقادر پندرہ ستمبرانیس سو پچپن کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ انیس سو ستتر میں حیدرآباد میں انگلینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا۔ انہوں نے سڑسٹھ ٹیسٹ میچز میں دو سو چھتیس اور ایک سو چار ون ڈے میچز میں ایک سو بتیس وکٹیں حاصل کیں۔ عبدالقادر قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹربھی رہے۔ جب تک لیگ سپن بولنگ کا آرٹ باقی رہے گا عبدالقادر کا نام سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔ لیجنڈری کرکٹر عبدالقادر کے انتقال پر صدر، وزیراعظم ، آرمی چیف اور دیگر شخصیات نے اظہار افسوس کیا۔ صدر عارف علوی کا کہنا ہے گگلی کے موجد عبدالقادر نے پاکستان کا نام روشن کیا۔ آرمی چیف نے کہا پاکستان نے بہترین انسان اور کھلاڑی کھو دیا۔ نیول چیف ایڈمرل ظفر عباسی کا بھی اظہار افسوس سامنے آیا۔ اسد قیصر، شاہ محمود، مراد علی شاہ، خورشید شاہ، وسیم اکرم اور دیگر نے بھی لیجنڈری کرکٹر عبدالقادر کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔ وفات سے قبل عبدالقادر وزیراعظم کے لئے نظم لکھ رہے تھے۔ نظم وزیراعظم کو پیش کرنے کیلئے وہ عثمان ڈار سے رابطے میں تھے۔ عثمان ڈار نے عبدالقادر کی جانب سے بھیجی گئی نظم ٹویٹر پر پوسٹ کر دی۔