Tuesday, May 21, 2024

سابق وزیراعلیٰ غلام حیدر وائیں کے قاتل سمیت 7قیدیوں کو پھانسی دیدی گئی

سابق وزیراعلیٰ غلام حیدر وائیں کے قاتل سمیت 7قیدیوں کو پھانسی دیدی گئی
October 15, 2015
لاہور (92نیوز) ملک میں سزائے موت کے منتظر افراد کو تختہ دار پر لٹکانے کا سلسلہ جاری ہے۔ آج بھی سابق وزیراعلیٰ پنجاب غلام حیدروائیں کے قاتل سمیت سات مجرموں کو پھانسی دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ غلام حیدر وائیں کے قاتل زمان عرف زمانی کو آج صبح ملتان سنٹرل جیل میں پھانسی دی گئی۔ مجرم زمان نے 1993ءمیں فائرنگ کرکے سابق وزیراعلیٰ کو قتل کیا تھا۔ لاہور کوٹ لکھپت جیل میں مخالف کو قتل کرنے والے مجرم انورشمیم کو پھانسی دی گئی۔ 15 برس قبل ماں بیٹے کو قتل کرنے والے مجرم حسن کو بہاولپورنیوسنٹرل جیل میں تختہ دار پر چڑھا دیا گیا۔ اڈیالہ جیل راولپنڈی میں قتل کے دو مجرموں کو پھانسی دی گئی۔ ڈیرہ غازی خان سنٹرل جیل میں دو بھائیوں اکبر اور حضوربخش کو تختہ دار پر چڑھا دیا گیا۔ یاد رہے کہ پاکستان میں مجرموں کو پھانسیاں دینے کا سلسلہ سانحہ پشاور کے بعد دوبارہ شروع کیا گیا تھا۔ پہلی پھانسی انیس دسمبر دوہزار چودہ کو دی گئی تھی۔ دسمبر دوہزار چودہ میں حکومت نے سپریم کورٹ میں اعداد و شمار جمع کرائے تھے کہ سات ہزار سے زائد قیدی سزائے موت کے منتظر ہیں۔ سزائے موت پر عملدرآمد دوبارہ شروع کے بعد سے اب تک ملک کی مختلف جیلوں میں دو سو سے زائد مجرموں کو تختہ دار پر لٹکایا جاچکا ہے۔ اقوام متحدہ، یورپی یونین اور ایمنسٹی انٹرنیشنل نے سزائے موت پر پابندی کا مطالبہ کیا تھا۔