Thursday, March 28, 2024

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی احتساب عدالت میں پیش ہو گئے

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی احتساب عدالت میں پیش  ہو گئے
September 26, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز)   سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی احتساب عدالت میں پیش  ہو گئے۔ اشتہاری مہم کا غیر قانونی ٹھیکہ دے کر قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کی نیب ریفرنس کی نقول  سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کوفراہم کردی گئی۔ عدالت نے سابق وزیراعظم کو حاضری یقینی بنانے کے لیے 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کردی جبکہ ملزم کی مستقل حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کردیا۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کے روبرو پیش ہوئے، عدالت میں موقف اپنایا کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تشہیر کے لیے اشتہاری مہم  چلانے کا ٹھیکہ پیپرا رولز کے مطابق دیا گیاگیا۔ ان کے وکیل کی جانب سے سکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر دائر کی گئی حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کردیا گیا جبکہ عدالت نے تمام سات ملزمان کو 10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے ریفرنس کی نقول بھی فراہم کردیں۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے میڈیا سے گفتگو میں پیش گوئی کی کہ  سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کیخلاف بھی یہاں پر ریفرنس آنے والا ہے۔ عدالت نے نامزد تمام ملزمان کو ریفرنس کی نقول فراہم کردیں  جبکہ کراچی جیل میں قید ملزم انعام اکبر کو آئندہ سماعت پر پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ کیس کی سماعت 22 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔