Sunday, September 8, 2024

سابق وزیراعظم کے بیٹوں کے بیرون ملک ہونے کی وجہ سے نیب میں پیشی کے امکانات نہیں

سابق وزیراعظم کے بیٹوں کے بیرون ملک ہونے کی وجہ سے نیب میں پیشی کے امکانات نہیں
August 18, 2017

لاہور (92 نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیٹوں حسن اور حسین نوازکے بیرون ملک ہونے کی وجہ سے نیب میں پیشی کے امکانات نہیں۔ اگلے ہفتے نیب لاہور نے بھی شریف فیملی کو نوٹس دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

نیب راولپنڈی نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے دو بیٹوں حسن اورحسین نواز کو اٹھارہ اگست کو نیب لاہور میں طلب کر رکھا ہے۔ مگر میاں نواز شریف کے دونوں بیٹے حسن نواز اور حسین نواز بیرون ملک ہیں جس کی وجہ سے وہ نیب میں پیش نہیں ہوسکیں گے۔

مسلم لیگ ن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی تک ان کی پاکستان واپسی کے حوالے سے کوئی پروگرام نہیں ہے۔

دوسری طرف سابق وزیراعظم لاہور میں موجود ہیں اور نیب نے لاہور آفس میں ہی طلب کیا ہے مگر میاں محمد نواز شریف نے ابھی تک نیب میں پیش ہونے یا پیش نہ ہونے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔

دوسری طرف نیب لاہور نے بھی دو کیسوں میں آف شور کمپنی اور لندن فلیٹس پر اگلے ہفتے نواز شریف فیملی کے پانچ افراد کو طلب کرنےکا فیصلہ کیا ہے جن میں میاں محمد نواز شریف۔ حسن نواز۔ حسین نواز۔ مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو بلائے جانے کا امکان ہے اور یہ نوٹسز سپریم کورٹ کے حکم پر بھیجے جارہے ہیں۔