Sunday, May 19, 2024

سابق وزیراعظم نوازشریف نے کل لندن میں سینئر رہنماؤں کا اجلاس بلا لیا

سابق وزیراعظم نوازشریف نے کل لندن میں سینئر رہنماؤں کا اجلاس بلا لیا
September 22, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) اب میں واپس  آؤں یا نہ آؤں۔ نواز شریف نے فیصلے کے لیے کل لندن میں بڑوں کی بیٹھک بلالی۔ چوہدری نثار پھر آؤٹ، اہم پارٹی اجلاس میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی،شہباز شریف،خواجہ آصف سمیت اہم رہنما شرکت کرینگے۔

مسلم لیگ ن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے اہم فیصلوں کے لیے کل لندن میں پارٹی اجلاس طلب کرلیا۔ سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو بلایا ہی نہیں گیا ان کے پارٹی کی مرکزی قیادت سے اختلافات سنگین ہو گئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ شہباز شریف پارٹی کی صدارت کے حوالے سے نواز شریف کے ساتھ واضح اور دو ٹوک بات کریں گے کیونکہ مریم نواز ن لیگ کی صدارت کی امیدوار بھی ہیں جسے پارٹی کے سینئر رہنما قبول کرنے کو تیار نہیں ہیں جبکہ نواز شریف کی وطن واپسی کب ہو اس پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔ پارٹی کی صدارت کے حوالے سے الیکشن کروانے اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے وزارت سے مستعفی ہونے سے متعلق بھی اس اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا

ذرائع کا کہنا ہے کہ شریف فیملی نہیں چاہتی کہ اسحاق ڈار وطن واپس آئیں کہ کہیں وہ پہلے کی طرح کوئی ایسا بیان ریکارڈ نہ کروا دیں جس سے ان کے لئے مشکلات بڑھ جائیں جیسا کہ انہوں نے حدیبیہ پیپیر ملز میں کروا یا تھا ان کے مستعفی ہونے سے متعلق بھی آج کے اجلاس میں فیصلہ ہوجائے گا۔