Friday, May 17, 2024

سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ خان جمالی آبائی علاقے روجھان جمالی میں سپرد خاک

سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ خان جمالی آبائی علاقے روجھان جمالی میں سپرد خاک
December 3, 2020

روجھان (92 نیوز) سابق وزیراعظم میر ظفراللہ خان جمالی کو روجھان جمالی میں مزار سخی در محمد میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں صوبائی وزراء سمیت اہم سیاسی و سماجی شخصیات اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

تحمل کی سیاست کا باب بند ہوگیا، میر ظفراللہ جمالی کو روجھان جمالی میں سپرد خاک کیا گیا، نماز جنازہ میں سابق صوبائی وزیر میر عبدلاغفور لہڑی، میر اظہار خان کھوسہ، صوبائی وزیر میر سکندر خان عمرانی، میر سلیم خان کھوسہ، علاقائی عمائدین، سیاسی رہنماء اور دیگر افراد شریک ہوئے۔

سابق وزیراعظم میر ظفراللہ خان جمالی دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے اے ایف آئی سی میں چند روز سے زیر علاج تھے، گزشتہ رات انتقال ہوا تو جسد خاکی راولپنڈی سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے روجھان جمالی منتقل کیا گیا۔

میر ظفراللہ جمالی نے سیاسی زندگی کا آغاز 1970ء میں کیا، پہلی بار 1977ء میں پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے، 1985ء کے غیرجماعتی انتخابات میں ایم این اے بنے اور پانی و بجلی کی وزارت سنبھالی، دوبار بلوچستان کے وزیراعلیٰ بھی رہے۔ اکتوبر 2002ء کے انتخابات میں ایم این اے منتخب ہوئے، اور 21 نومبر 2002ء کو 15 ویں وزیراعظم منتخب ہوئے، وہ بلوچستان کی طرف سے منتخب ہونے والے واحد وزیراعظم تھے۔

میر ظفراللہ خان جمالی 2013ء میں عام انتخابات میں آزاد حیثیت سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ اور ن لیگ کا حصہ بن گئے، اِسی دورِحکومت میں جب تحفظ ختم نبوت قانون کے خلاف سازش کی گئی۔ تومیر ظفراللہ خان جمالی نے پارلیمنٹ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

صدر مملکت، وزیراعظم اور آرمی چیف، چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویزالہٰی، آصف زرداری اور بلاول بھٹو سمیت سیاسی رہنماؤں نے بھی میر ظفراللہ جمالی کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا۔