Thursday, April 25, 2024

سابق مصری صدر حسنی مبارک کی سیاسی جماعت کے دفاتر کو مسمار کر کے زمین عجائب گھر کے حوالے کر دی گئی

سابق مصری صدر حسنی مبارک کی سیاسی جماعت کے دفاتر کو مسمار کر کے زمین عجائب گھر کے حوالے کر دی گئی
June 1, 2015
قاہرہ (ویب ڈیسک) مصر میں سابق صدر حسنی مبارک کی سیاسی جماعت کے ہیڈکوارٹرز کی عمارتوں کو مسمار کر دیا گیا ہے۔ سابق مصری صدر کی جماعت نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کو سال دوہزار گیارہ میں تحلیل کر کے اس کے سارے اثاثے منجمد کر دیے گئے تھے۔ تحلیل کی جانے والی نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی دفاتر تحریر سکوائر کے قریب دریائے نیل کے کنارے واقع ہیں اور انھیں دوہزار گیارہ میں سابق صدر کے خلاف احتجاجی تحریک کے دوران نذرآتش کر دیا گیا تھا۔ دفتر کی عمارت کے علاوہ قریب میں ہی سرکاری دفاتر کو بھی مسمار کیا جا رہا ہے۔ ان دفاتر کو سرکاری افسران استعمال کرتے تھے۔ عمارتوں کو گرانے کے بعد زمین قریب میں واقع عجائب گھر کو دے دی جائے گی۔ حکومت نے اپریل میں ان عمارتوں کو منہدم کرنے اور اس کی زمین عجائب گھر کو دینے کی منظوری دی تھی۔ گزشتہ ماہ عدالت نے حسنی مبارک کو بدعنوانی کے مقدمے کی دوبارہ سماعت میں بدعنوانی کے الزام میں تین سال کی سزا سنائی تھی۔ سابق مصری صدر قاہرہ کے ایک فوجی ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔