Monday, September 16, 2024

سابق مشیرخزانہ بلوچستان خالد لانگو کی درخواست ضمانت مسترد

سابق مشیرخزانہ بلوچستان خالد لانگو کی درخواست ضمانت مسترد
February 14, 2017

اسلام آباد (92نیوز) سپریم کورٹ نے سابق مشیر خزانہ بلوچستان خالد لانگو کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔ عدالت نے نیب کی ایک بار پھر کلاس لے لی۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کہتے ہیں نیب نعرہ لگاتا ہے کرپشن سے انکار کا لیکن خود کرپشن میں ڈوبا ہواہے۔ اسے ”کرپشن سے اقرار“کا نعرہ لگانا چاہئے۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس دوست محمد کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ دیکھنا ہوگا مشتاق رئیسانی کو سیکرٹری خزانہ کے عہدے پرتعینات کس نے کیا؟

جسٹس دوست محمد کھوسہ کا کہنا تھا کہ یہ بھی دیکھنا ہے کہ مشتاق رئیسانی نے بطور سیکرٹری معدنیات کان کنی کے محکمے میں بدعنوانی تو نہیں کی؟ جسٹس مقبول باقر نے کہا کہ صحت، تعلیم سمیت بلوچستان کے کسی محکمے نے یہ دعویٰ نہیں کیا کہ مشتاق رئیسانی سے برآمد کی گئی رقم ان کی ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ رقم کس کی تھی، کہاں سے آئی؟

جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کا کہنا تھا کہ 9 ماہ سے ریفرنس دائر کرنے میں کیوں تاخیر کی گئی۔ نیب نے اپنے ریکارڈ میں لکھا کہ مشتاق رئیسانی اربوں کی کرپشن کرنے والا اچھا آدمی ہے۔ رنگے ہاتھوں گرفتار ہونے والے شخص کو ڈی جی نیب کے کہنے پر پلی بارگین کرنے کی منظوری دی گئی۔

جسٹس دوست محمد کھوسہ نے ریمارکس دیئے کہ ہوسکتا ہے نیب کے ماتحت افسران نے اندرون خانہ پلی بارگین ڈیل کی ہو۔

انہوں نے استفسار کیا کہ خالد لانگو نے کتنے منصوبوں کی منظوری دی۔ کیا وہ مکمل ہوئے یا پیسہ ہڑپ کر لیا گیا؟ عدالت نے خالد لانگو کی ضمانت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ ملزم کےخلاف ریفرنس دائر نہ کرنے سمیت نیب کی کارکردگی سے متعلق تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائیگا۔