Friday, April 19, 2024

سابق مشیر خزانہ بلوچستان خالد لانگو کو چودہ روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے

سابق مشیر خزانہ بلوچستان خالد لانگو کو چودہ روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے
May 26, 2016

کوئٹہ (92 نیوز) – کوئٹہ کی احتساب عدالت میں سابق مشیر خزانہ بلوچستان خالد لانگو کو چودہ روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔ خالد لانگو نے عدالت میں بیان دیتے ہوئے نیب کی جانب سے ہتھکڑی لگا کر حراست میں لئے جانے پر تحفظات کا اظہار کیا۔

قومی احتساب بیورو نے سابق مشیرخزانہ بلوچستان خالد لانگو کو احتساب عدالت میں پیش کر دیا۔ اس دوران سکیورٹی کے انتہائی سخت انتطامات کئے گئے تھے۔ احتساب عدالت کے جج مجید ناصر نے سماعت کی۔

عدالت میں خالد لانگو نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک عوامی نمائیندے اور رکن اسمبلی ہیں انھیں گزشتہ روز ہتھکڑی لگا کر نیب اہلکار ساتھ لے گئے۔ انھوں نے عدالت کو بتایا کہ نیب کی حراست میں کسی قسم کی کوئی تکلیف نہیں مگر وہاں دیگر زیر حراست افردا کو گرمی میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

عدالت کی جانب سے خالد لانگو کی رشتے داروں اور دیگر عزیزواقارب سے ملاقات کے لئے فہرست بھی مانگیں جن سے وہ ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔ اس دوران خالد لانگو کی جانب سے گھر سے کھانا لانے کی اجازت طلب کی۔

نیب کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سابق مشیر خزانہ کو وہی کھانا کھلایا جاتا ہے جو ہم کھاتے ہیں عدالت نے خالد لانگو کو گھر سے کھانا لانے کی اجازت دی جسے ان تک پہنچنے سے پہلے چیک کیا جائے گا۔

عدالت نے نیب کی درخواست پر خالد لانگو کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا۔ خالد لانگو کو جیسے ہی عدالت سے باہر لایا گیا وہاں موجود ان کے حمایوں نے ان کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔

خالد لانگو کو گزشتہ روز نیب اہلکاروں نے ہائی کورٹ کے باہر سے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست مسترد ہونے کے بعد گرفتار کیا تھا۔