Wednesday, April 24, 2024

سابق عراقی وزیر خارجہ طارق عزیز دل کا دورہ پڑنے سے انتقال، قانونی کارروائی کے بعد میت ورثا کے حوالے

سابق عراقی وزیر خارجہ طارق عزیز دل کا دورہ پڑنے سے انتقال، قانونی کارروائی کے بعد میت ورثا کے حوالے
June 6, 2015
ذی قار (ویب ڈیسک) عراق کے سابق وزیر خارجہ طارق عزیز دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے ہیں۔ طارق عزیز صدام حکومت کے خاتمے کے بعد سے ذی قار صوبہ کی ناصریہ جیل میں قید تھے جہاں جمعہ کے دن تین بجے انہیں دل کا دورہ پڑنے پر الحسین اسپتال لایا گیا۔ اسپتال کے ڈائریکٹر سعدی المجید نے بتایا کہ انہین جیل میں دل کا شدید دورہ پڑا جس سے ان کے دل نے کام کرنا چھوڑ دیا۔ اسپتال کے عملے نے فوری طبی امداد دی لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔ صوبائی گورنر یحیٰ الناصری نے کہا کہ میت ان کے عزیز واقارب کےحوالے کر دی گئی ہے۔ طارق عزیز کے بیٹے زائد نے بتایا کہ ان کی والدہ نے جمعرات کو ان کے والد سے ملاقات کی تھی اور حکام سے انہیں اسپتال منتقل کرنے کو کہا لیکن جیل حکام نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا۔ طارق عزیز کے یورپی اور دیگر ممالک کے ساتھ قریبی تعلقات تھے۔