Tuesday, April 23, 2024

ملا اختر منصور کی ہلاکت کی تصدیق‘ لاش ورثاءکے حوالے کر دی : وزیرداخلہ

ملا اختر منصور کی ہلاکت کی تصدیق‘ لاش ورثاءکے حوالے کر دی : وزیرداخلہ
May 31, 2016
اسلام آباد (92نیوز) وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے نوشکی ڈرون حملے میں مارے جانے والے ملا اختر منصور کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔ وزیر داخلہ نے صاف صاف بتا دیا کہ نادرا اور کرپشن ساتھ ساتھ نہیں چلیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب ساڑھے دس کروڑ شناختی کارڈ دوبارہ تصدیق کے عمل سے گزریں گے۔ تفصیلات کے مطابق نادرا ہیڈکوارٹر میں ایگزیکٹو بورڈ اجلاس کے بعد میڈیا نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ قومی شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق پانچ لیئرز پر مشتمل ہوگی۔ ابتدا میں دوماہ کی رعایتی سکیم کا آغاز کیا جائے گا جس کے تحت رضاکارانہ جعلی شناختی کارڈ واپس کرنے والوں کے خلاف کارروائی نہیں ہوگی جبکہ غیرملکیوں کے شناختی کارڈز کی معلومات فراہم کرنے والوں کو فی کس 10ہزار روپے انعام بھی دیا جائے گا۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ جعلی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ صرف پاکستان کا مسئلہ نہیں بلکہ پوری دنیا اس کی زد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی شناختی کارڈ ملکی سلامتی کے لئے خطرہ ہے۔ اب نادرا اور کرپشن ساتھ ساتھ نہیں چلیں گے۔ چودھری نثار علی نے واضح کیا کہ نادرا کے اندر اتنی بڑی تعداد میں بھاری معاوضوں پر ڈی جیز کی تعیناتیاں سمجھ سے بالا تر ہیں۔ جعلی شناختی کارڈ رکھنے والے اور معاونت کرنے والوں کے لئے چودہ سال کی سزا ہوگی۔ یہ ایک ناممکن ٹاسک ضرور ہے لیکن ملکی سلامتی کے لئے ضروری اب ای ٹیکنالوجی کی طرف بڑھ رہے ہیں جس سے جعل سازی کا خاتمہ ہوگا۔ وزیر داخلہ نے بتایا کہ ڈرون حملے میں ہلاک ملا اختر منصور ہی تھاجس کی لاش ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی ہے۔ نادرا ایگزیکٹو بورڈ نے قومی شناختی کارڈوں کی تصدیق کے عمل کی منظوری دیتے ہوئے عمل درآمد شروع کردیا ہے۔