Monday, May 6, 2024

سابق صدر کا زرداری گروپ میں ہونے والی ٹرانزیکشن کا اعتراف

سابق صدر کا زرداری گروپ میں ہونے والی ٹرانزیکشن کا اعتراف
August 27, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور نے بالاآخر ایف آئی اے کو بیان ریکارڈ کروا دیا ۔ سابق صدر نے زرداری گروپ میں ہونے والی ٹرانزیکشن کا اعتراف بھی کر لیا۔ جعلی اکاونٹ میگا سکینڈل میں سابق صدر آصف علی زرداری اپنی ہمشیرہ فریال تالپور کے ہمراہ چوتھی بار طلبی پر ایف آئی اے کی مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی کے روبرو پیش ہوئے۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے نجف مرزا کی سربراہی میں ٹیم نے بھائی ، بہن سے جعلی اکاؤنٹس کے بارے میں آدھے گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔ دونوں کا بیان قلمبند کر لیا گیا۔ ایف آئی اے ٹیم نے زرداری گروپ میں ہونے والی ٹرانزکشن کی دستاویزات سابق صدر کے سامنے رکھ دیں۔ سابق صدر نے ان کے گروپ میں  رقم منتقل ہونے کا اعتراف کر لیا۔ صحافی کے سوال پر آصف زرداری نے کہا کہ مقدمہ نوازشریف کے دور میں بنایا گیا۔ ذرائع کے مطابق آصف زدراری اور فریال تالپور تحقیقاتی ٹیم کے سوالوں کے تسلی بخش جواب نہ  دے سکے ۔ جے آئی ٹی آصف زداری اور  فریال تالپور کا قلم بند جواب منگل کو سپریم کورٹ میں جمع کرائے گی جبکہ سابق صدر اور ان کی ہمشیرہ کو دوبارہ طلب کرنے کا فیصلہ عدالت میں سماعت کے بعد کیا جائے گا۔