Thursday, March 28, 2024

سابق صدر ممنون حسین کو کراچی میں سپردخاک کردیا گیا

سابق صدر ممنون حسین کو کراچی میں سپردخاک کردیا گیا
July 15, 2021

کراچی (92 نیوز) سابق صدر پاکستان ممنون حسین کی نمازہ جنازہ ادا کردی گئی، تدفین مقامی قبرستان میں کی گئی، نماز جنازہ میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال سابق گورنر سندھ محمد زبیر سمیت سیاسی و سماجی، مذہبی رہنماؤں اور شہر کے دیگر عمائدین نے شرکت کی۔

سابق صدر پاکستان ممنون حسین کی نمازہ جنازہ ڈیفنس کی مقامی مسجد میں ادا کردی گئی جس کی امامت ممتاز عالم دین مفتی تقی عثمانی کی۔

نماز جنازہ میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، سابق گورنر سندھ محمد زبیر اوررکن قومی اسمبلی احسن اقبال نے شرکت کی، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ممنون حسین ایک معتبر اور غیر روایتی سیاست دان تھے۔

نمازجنازہ میں جے یو آئی کے رہنما اسلم غوری، جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی، پیپلزپارٹی کے رہنما وقار مہدی، تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی شہزاد قریشی اور پی ایس پی کے حفیظ الدین سمیت دیگر سیاسی، مذہبی ، سماجی سمیت عمائدین شہر اور ن لیگ کے کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ممنون حسین کی موت کو سانحہ قرار دیا۔

سابق صدر پاکستان ممنون حسین کی تدفین ڈیفنس فیز 8 کے مقامی قبرستان میں کی گئی سابق صدر بدھ کے روز کینسر کے باعث نجی اسپتال میں انتقال کرگئے تھے۔

مرحوم نے سوگواروں میں بیوہ اور تین بیٹے چھوڑے ہیں۔