Sunday, May 5, 2024

سابق صدر آصف زرداری نے ایک بار پھر توپوں کا رخ پاک آرمی کی طر ف موڑ دیا

سابق صدر آصف زرداری نے ایک بار پھر توپوں کا رخ پاک آرمی کی طر ف موڑ دیا
June 16, 2015
اسلام آباد(92نیوز)آصف زرداری نے جرنیلوں پر سخت تنقید کی ہے کہتے ہیں کہ پیپلزپارٹی کی کردار کشی کرنے والے ہوشیار رہیں، زیاد ہ تنگ کیا تو اینٹ سے اینٹ بجا دیں گےجس دن وہ کھڑے ہو گئے کراچی سے فاٹا تک ملک بند ہو جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق مفاہمت کی باتیں کرنے والے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے آج اعلان جنگ کردیا۔ اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئےآصف زرداری نے مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیا، انہوں نے فوجی جرنیلوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اداروں کو کمزور نہیں کرنا چاہتے ، لیکن ان کی برداشت کا امتحان نہ لیا جائے ۔ آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ یہ مت سمجھا جائے کہ انہیں جنگ کرنا نہیں آتی جنگ کرنا پیپلز پارٹی کو ہی آتی ہے کردار کشی چھوڑ دیں ،انہوں نے شروع کی تو قیام پاکستان  کے بعد سے بہت سے جرنیلوں کے نام آئیں گے۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین نے واضح الفاط میں کہا کہ جس دن انہوں نے احتجاج شروع کیا ، پورا پاکستان بند ہو جائے گا ۔ آصف زرداری کا کہنا تھا کہ انہوں نے بے نظیر بھٹو کی شہادت پر پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا لیکن ہر  چیز کی حد ہوتی ہے ۔ ہر معاملے پر گیم نہ بنائی جائے ۔ انہوں نے سابق صدر پرویز مشرف پر بھی تنقید کی اور کہا کہ وہ  تین مہینے جیل نہیں رہ سکے۔ آصف زرداری نے کہا کہ وہ جمہوریت کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں ، ورنہ جس دن کپتان باہر آئے  وہ بھی استعفے دے دیتے تو دوبارہ الیکشن ہو جاتے۔ جن کو بال اور وکٹ دی ہے انہیں کھیلنے دو پارٹی کمزور نہیں وقت کا انتظار کر رہے ہیں۔ آصف زرداری کا کہنا تھا کہ وہ آراوز الیکشن کا مقابلہ نہیں کر سکتے تھے ، لیکن نتائج اس لیے قبول کیے کہ انہوں نے جمہوریت کے لیے اپنے گھر سے جنازے اٹھائے ہیں۔