Friday, April 26, 2024

سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوانے کا حکم

سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوانے کا حکم
October 19, 2018
اسلام اباد (92 نیوز) اسلام آباد کے سینئر سول جج نے اعلی عدلیہ اور چیف جسٹس پاکستان کے خلاف بیان بازی کے مقدمہ میں ایف آئی اے کی جانب سے سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوانے کا حکم دے دیا۔ ایف آئی اے نے سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کا جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر اسلام آباد کے سینئر سول جج عامر عزیز کی عدالت میں پیش کیا ۔ مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ہمارا مقصد یہ پتہ چلانا ہے کہ اعلی عدلیہ اور چیف جسٹس پاکستان کے خلاف مہم کیوں چلائی گئی؟۔ وکیل صفائی نے کہا ان کے موکل دہشت گرد نہیں، سابق سینیٹر، انجینئر اور باعزت شہری ہے جس پرایک ہی الزام پر 3 ایف آئی آرز درج کی گئیں۔ مقدمے میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات کا کسی صورت اطلاق نہیں ہوتا۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم سنا دیا۔ وکیل صفائی نے کہا کہ ان کا موکل سانس اور معدے کی بیماری میں مبتلا ہے، جیل میں ماحول مناسب نہیں۔ فیصل رضا عابدی نے کہا میری طبیعت خراب ہے ، علاج کے لیے بھجوایا جائے جس پر عدالت نے ایف آئی اے کو ملزم کا طبی معائنہ کرانے کا بھی حکم جاری کر دیا۔