Friday, April 19, 2024

سابق خارجہ سیکرٹریوں کا وزیر خارجہ کی زیر صدارت اجلاس ، بھارتی جارحیت پر تبادلہ خیال

سابق خارجہ سیکرٹریوں کا وزیر خارجہ کی زیر صدارت اجلاس ، بھارتی جارحیت پر تبادلہ خیال
June 6, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) سابق خارجہ سیکرٹریوں کا وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا جس میں  وزارت خارجہ میں ہونے والے اجلاس میں مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی جارحیت اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال  کیا گیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت  سابق خارجہ سیکرٹریوں کے اجلاس میں  کورونا وبا کی صورتحال اور اس کے معاشی مضمرات کا جائزہ بھی لیا گیا  ۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت دانستہ طور پر خطے کا امن  تباہ کرنا چاہتا ہے عالمی برادری  اس کے جارحانہ رویے کا نوٹس لے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ  آج مقبوضہ جموں و کشمیر کے 80 لاکھ نہتے شہریوں کو کرفیو کے نام پر بھارتی استبداد کا سامنا کرتے دس ماہ گزر چکے ہیں ، کورونا  وبا کے بعد مظلوم کشمیری دوہرا لاک ڈاؤن بھگت رہے ہیں ،  بھارت  کی جانب سے لاین آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے ہیں ، معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ،ہندوستان دانستہ طور پر خطے کا امن و امان تہہ و بالا کرنا چاہتا ہے  ۔

انہوں نے کہا کہ  عالمی برادری کو ہندوستان کے اس جارحانہ رویے کا فوری نوٹس لینا چاہئے  ، بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ڈومیسائل قوانین میں ترمیم کے ذریعے،  آبادیاتی تناسب کی تبدیلی کا قدم ،اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے ۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ کورونا  وبائی صورت حال کے معاشی مضمرات سے نمٹنے اور ترقی پذیر  ممالک کی معیشتوں کو سہارا دینے کے لیے وزیر اعظم عمران خان کی ڈیٹ ایلیف تجویز کو عالمی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے ۔