Monday, May 20, 2024

سابق خادم اعلیٰ عوام کی بجائے اپنی خدمت میں مصروف رہے ، وزیراعلیٰ پنجاب

سابق خادم اعلیٰ عوام کی بجائے اپنی خدمت میں مصروف رہے ، وزیراعلیٰ پنجاب
April 27, 2019
لاہور(92 نیوز) وزیراعلیٰ  پنجاب سردار عثمان بزدار نے سابق خادم اعلیٰ  پنجاب شہباز شریف پر لفاظی حملے کرتے ہوئے کہا کہ سابق خادم اعلیٰ عوام کی بجائے اپنی خدمت میں مصروف رہے ۔ سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سابق خادم اعلیٰ کی غفلت کے باعث منصوبے تعطل کا شکار ہوئے ، ہم جنوبی پنجاب میں محرومیوں کا خاتمہ کرینگے ۔ ملتان میں نشتر اسپتال ٹو کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار عثمان بزدار نے آئندہ مالی سال سے پنجاب بھر کے میڈیکل کالجوں میں 100نشستیں بڑھانے ، ڈیرہ غازی خان میں اسٹیٹ آف دی آرٹ انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی قائم کرنے ، 200بستروں پرمشتمل ڈیرہ غازی خان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کاالحاق راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ کارڈیالوجی کیساتھ کرنے کا اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ڈیرہ غازی خان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کیلئے 4ارب روپے کی خطیر رقم مختص کرنے  اور ڈیرہ غازی خان میں آئی ٹی ٹاور بنانے کا بھی اعلان کیا ، انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بہت جلدکام شروع کردے گا۔ سردار عثمان بزدار نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ صوبائی کابینہ نے کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ڈاکٹرز اوردیگر محکموں کے سٹاف کو تین سال کے بعد ریگولر کرنے کی منظوری دے دی ہے، غازی میڈیکل کالج میں کو ہ سلیمان کے قبائلی علاقے کے طلبہ کیلئے 5نشستیں مختص کردی گئی ہیں۔