Friday, April 26, 2024

سابق حکومت نے آنے والی نسلوں کو مقروض کر دیا ہے ، فواد چودھری

سابق حکومت نے آنے والی نسلوں کو مقروض کر دیا ہے ،  فواد چودھری
September 25, 2018
لاہور (92 نیوز) وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ ن لیگ نے ایسٹ انڈیا کمپنی جیسا کردار ادا کیا اور نسلوں کو مقروض کر دیا۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے فواد چوہدری نے سابق حکومت پر طنز کے گولے برسا دیئے اور کہا کہ آج کی معاشی حالت کے سب سے بڑے مجرم اسحاق ڈار اینڈ کمپنی ہیں، اسحاق ڈار عدالتوں کو مطلوب تھے، ان کو باہر بھجوا گیا، ذمہ دار کون ہے؟ ۔ وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ مہنگے ترین قرضے لیکر اپنے کھیلنے کیلئے کھلونے بنائے گئے، پنجاب میں میٹرو لگائی گئی، لاہور، اسلام آباد، ملتان میں میٹرو ہیں، آٹھ ارب روپے حکومت پنجاب کو چاہئے ان بسوں کو چلانے کیلئے۔ انہوں نے کہا کہ اورنج ٹرین پر تین سو ارب روپے قرضہ لیکر خرچ کر دیا، اس کی قیمت میرے اور اْپ کے بچوں اور ان کے بچوں نے بھی دینی ہے۔ فواد چودھری نے کہا کہ جس محکمے میں جائیں ن لیگ نے اپنے ورکرز کو بھرتی کیا ہوا ہے،محکموں میں ایک ایک صاحب کے سات سات خاندان کے افراد بھرتی ہوئے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بیس ارب روپے ہر سال چاہئے اس ٹرین کو پٹڑی پر رکھنے کیلئے ، گیارہ ارب روپے صرف شہباز شریف نے خرچ کئے ہیں، تنخواہیں اور بیس کروڑ روپے پنشن دینے کیلئے پیسے نہیں ہیں، خزانے میں پیسہ نہیں ہے، کیا کریں، مزید قرضے لیں، چندہ نہ لیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ کیا ہم نے اس ملک کو اسی طرح سے چلانا ہے جس طرح سے یہ تجربہ کار حکومتیں چلاتی رہی ہیں، آج کل لوگ کمر میں درد ہو تو جہاز میں بیٹھ کر باہر چلے جاتے ہیں،جس محکمے پر ہاتھ رکھیں پتہ چلتا ہے کہ تباہ و برباد ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب کو بچائیں گے، امیر آدمیوں کو اپنا ٹیکس دینا پڑے گا۔ فواد چودھری نے کہا کہ کوئی وزیر اعظم یہ نہیں کرتا جو عمران خان نے آکر کیا،عمران خان وزیر اعظم ہاؤس چھور کر تین بیڈ روم کے گھر میں رہ رہے ہیں۔ وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ آپ اپنی ایک سال اور ہماری ایک مہینے کی کارکردگی سامنے رکھیں اور فیصلہ کریں،جس تبدیلی کا وعدہ کیا ہے، پاکستان کے لوگوں سے جو وعدے کئے وہ ایک ایک پورا کریں گے اور پورا کرکے دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ایک ماہ کی کارکردگی سابق حکومت کے ایک سال سے بہتر ہے ، ن لیگ اور پیپلزپارٹی تنقید کے بجائے تجاویز دیں ۔