Saturday, May 18, 2024

سابق حکومت منصوبوں کا اعلان تو کرتی گئی لیکن عملی طور پر کوئی کام نہیں کیا، عثمان بزدار

سابق حکومت منصوبوں کا اعلان تو کرتی گئی لیکن عملی طور پر کوئی کام نہیں کیا، عثمان بزدار
December 26, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے سابق حکومت منصوبوں کا اعلان تو کرتی گئی لیکن عملی طور پر کوئی کام نہیں کیا۔

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار سے صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ہائر ایجوکیشن کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔صوبائی وزیر راجہ یاسر ہمایوں نے ہائر ا یجوکیشن سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا سابق حکومت منصوبوں کے اعلان تو کرتی گئی لیکن عملی طور پرکوئی کام نہیں کیا۔ لاہور نالج پارک کا منصوبہ بھی ان کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ 10 سال تک اس منصوبے پر عملی طور پر کوئی کام نہیں کیا گیا۔ تحریک انصاف کی حکومت نے لاہور ٹیکنو پولس کے منصوبے پر کام کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ پراجیکٹ ”Excellence in Knowledge and Enterprise“کے ویژن کے تحت قائم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا بین الاقوامی یونیورسٹیاں لاہور ٹیکنو پولس اپنے کیمپس قائم کریں گی۔ ایمرجنگ ٹیکنالوجی اور سٹیٹ آف دی آرٹ پراڈکٹس کی ریسرچ پر توجہ دی جائے گی۔ نوجوانوں کو کاروباری تربیت اور مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے کاروبار کیلئے فنڈز بھی دیئے جائیں گے۔ ٹیکنو پولس کو اسپیشل ٹیکنالوجی زون ایکٹ (STZA)کے تحت تمام مراعات حاصل ہوں گی اور 10 سال کے لیے ٹیکس کی چھوٹ بھی ملے گی۔ زون انٹرپرائزز کو پراپرٹی ٹیکس، پی آر اے سروسز ٹیکس سے 10 سال کیلئے چھوٹ ملے گی۔ یہ پراجیکٹ نئی نسل کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گا۔

عثمان بزدار بولے جدید تعلیم ہر بچے کا حق ہے اور ہماری حکومت یہ حق اپنے بچوں کو واپس کر رہی ہے۔ ہر ضلع میں یونیورسٹی بننے سے طلبہ کو گھر کے قریب اعلیٰ تعلیم کے مواقع ملیں گے۔ تعلیم دوست اقدامات کی بدولت عالمی اور ایشیائی رینکنگ میں پنجاب کی 21 یونیورسٹیاں شامل ہوئی ہیں۔ صوبے میں سمارٹ یونیورسٹی کا کونسپٹ متعار ف کرایا جا رہا ہے۔ چیئرمین نالج پارک جمال انصاری، چیف ایگزیکٹو آفیسر ریپڈ سلیکون نوید شیروانی، وائس چانسلر آئی ٹی یونیورسٹی سرفراز خورشید اورمحمد ہمایوں قیوم بھی اس موقع پر موجود تھے۔