Saturday, May 11, 2024

سابق حکمرانوں نے عوام کو بےدردی سے لوٹا، مراد سعید

سابق حکمرانوں نے عوام کو بےدردی سے لوٹا، مراد سعید
June 8, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر مراد سعید نے ایک بار پھر اپوزیشن کو نشانے پر رکھ لیا۔ کہتے ہیں سابق حکمرانوں نے عوام کو بےدردی سے لوٹا۔ مراد سعید کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی بنیاد معاشی اور سماجی انصاف پر رکھی گئی۔ چینی مہنگی ہونے پر وزیر اعظم نے انکوائری کا فیصلہ کیا، اپوزیشن نے حکومتی اقدامات کا مذاق اڑایا۔ یہ لوگ کاروبار کیلئے سیاست میں آتے ہیں، کہا گیا انکوائری ہو بھی گئی تو رپورٹ دبا دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ زرداری اور شریف خاندان نے سیاست کو معاشی فوائد کیلئے استعمال کیا، عوام کو یقین ہے عمران خان کرپشن کا خاتمہ کریں گے، عمران خان نے شوگر مافیا کو بےنقاب کرنے کا وعدہ پورا کردیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مرادعلی شاہ زرداری مافیا کی خدمت کرتا رہا ان کوسبسڈی دیتا رہا، جعلی اکاؤنٹس کی جے آئی ٹی میں ہے کہ مراد علی شاہ زرداری مافیا کا سہولت کار بنا ہوا تھا، مرادعلی شاہ کا جےآئی ٹی اور شوگر انکوائری میں نام آیا، کارروائی ہونی چاہئے۔ جب تک مراد علی شاہ بیٹھا ہوا ہے زرداری مافیا کی سہولت کاری کرتا رہے گا۔ مراد سعید بولے کہ عمران خان وزیراعظم ہاؤس نہیں بلکہ اپنی رہائش گاہ بنی گالا میں رہتے ہیں، نوازشریف اور زرداری نے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا، نوازشریف اور زرداری نے اپنے گھروں کو بھی کیمپ آفس بنا رکھا تھا، جنہوں نے پاکستانیوں کو لوٹا ہے ان کا احتساب ہو رہا ہے۔