Thursday, April 25, 2024

سابق حکمران بھارت کا ساتھ دیتے تھے، سابق سفیروں نے پردہ چاک کردیا، مراد سعید

سابق حکمران بھارت کا ساتھ دیتے تھے، سابق سفیروں نے پردہ چاک کردیا، مراد سعید
December 17, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا، سابق حکمران بھی بھارت کا ساتھ دیتے تھے، سابق سفیروں نے بھی ملی بھگت کو بے نقاب کردیا۔

وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جعلی این جی اوز کے ذریعے مہم چلائی جارہی تھی، بھارت ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کیخلاف سازشیں کررہا تھا، کوئٹہ جلسے میں بھی بھارت کا بیانیہ سامنے آیا، دھاندلی کا شور مچانے والے شو آف ہینڈ پر شور مچاتے ہیں۔

انہوں نے کہا، یورپین یونین کی رپورٹ نے پاکستان کے خلاف بھارتی پراپیگنڈے کا پول کھول دیا، بھارت نے جعلی این جی اوز اور میڈیا گروپس کے ذریعے جھوٹ اور پراپیگنڈا کو پھیلایا۔ یہ رپورٹ آئے ہوئے ایک ہفتے سے زیادہ گزرگئے پی ڈی ایم نے ایک لفظ نہیں بولا۔ وزیراعظم چاہتے ہیں کہ سینٹ الیکشن چمک اور دھاندلی کے بغیر ہوں۔ پاکستان کو سفارتی محاذ پر تنہا کرنا ان کا کام رہا ہے، ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے پاکستان کو بلیک لسٹ میں لے کرجانا ان کا مقصد تھا، انڈٰیا پاکستان کے خلاف لابنگ کررہا تھا، اور یہاں یہ اس کا ساتھ دے رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت 15سال سے جعلی تنظیموں اور میڈیا گروپس کے ذریعے پاکستان کو بدنام کر رہا تھا، بھارت جعلی این جی اوز کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان مخالف احتجاج کرواتا رہا۔ یہ بھارت جاتے تھے تو بزنس مینوں سے مل کر آجاتے تھے، کمشیری قیادت سے نہیں۔ پاکستان دہشت گردی کے خلاف کام کر رہا تھا، اور پاکستان کو دہشت گرد ملک ڈکلیئر کرکے بدنام کیا جاتا رہا۔

عمران خان جب آئے تو پاکستان دہشت گرد نہیں بلکہ سیاحت کے طور پرجانا جانے لگا۔ سابق پاکستانی سفیر بھی پاکستان کے حکمرانوں کے بھارت میں بزنس ڈیل کی باتیں کرچکے ہیں۔ عمران خان نے بھارت کو دنیا بھر میں بے نقاب کیا۔

مراد سعید نے سابق سیکرٹری خارجہ شمشاد کا 92 نیوز کو دیا ساٹ چلایا، کہا کہ گزشتہ حکمرانوں نے پاکستانی مفاد کی بجائے اپنے ذاتی مفادات کو ترجیح دی، انڈیا اور اسرائیل کی لابی پاکستان کے خلاف لابنگ کر رہی ہے۔ انڈیا نے 16 دسمبر کے حوالے سے کس طرح کا ٹرینڈ شروع کیا اور اسے کیا زاویہ دیا، یہ ہم سب کے سامنے ہے۔ توقع تو نہیں کی جاسکتی لیکن پھر بھی پی ڈی ایم کو چاہئے کہ وہ ڈس انفو رپورٹ پر بات کریں۔ پختونوں کے ایشو کو اُچھالا جاتا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ انڈیا کے اکاؤنٹس پاکستان آرمی اور وزیراعظم کے خلاف کام کرتے ہیں۔ بلوچستان کے حوالے سے بھارت میں موجود انڈین اکاؤنٹس دنیا بھر میں کام کر رہے ہیں۔ ہمارے نوجوانوں کو سوشل میڈیا کو کس طرح استعمال کرنا ہے یہ ہمیں پتا ہونا چاہئے۔ عوام کو تو سمجھ نہیں ہوتی، واٹس ایپ اور فیس بک پر ویڈیو ملی تو اس کو پھیلانا شروع کردیتے ہیں۔ بلوچستان، کشمیر، سی پیک، پاک فوج اور وزیر اعظم بھارت کا ہدف ہیں۔

مراد سعید بولے کہ عمران خان کے آنے کے بعد انڈیا کوشکست کا سامنا ہے، آج انڈیا خود انتشار کا شکار ہے، عمران خان نے انڈیا کی پالیسی کو دنیا بھر میں عیاں کیا، پاکستان کا حقیقی بیانیہ آگے لے کرجائیں۔ کوئی بھی بیانیہ آگے پھیلانے سے پہلے اچھی طرح سوچیں، پھر شیئر کریں۔ اپوزیشن نے پارلیمنٹ میں تحریری این آر او مانگا، جب نہ ملا تو یہ سڑکوں پر نکل آئے۔