Thursday, April 25, 2024

سابق جج رانا شمیم کے بیان حلفی پر توہین عدالت کیس کا تحریری حکم نامہ جاری

سابق جج رانا شمیم کے بیان حلفی پر توہین عدالت کیس کا تحریری حکم نامہ جاری
December 10, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق جج رانا شمیم کے بیان حلفی پر توہین عدالت کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔

چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے 7 دسمبر کی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کیا۔ عدالت نے حکمنامے میں کہا ہے کہ رانا شمیم اور میر شکیل الرحمان سمیت تمام فریقین کے جواب غیر تسلی بخش قرار ہیں۔ بےبنیاد بیان حلفی اور غلط خبر پر کیوں نہ تمام فریقین پر فردجرم عائد کریں؟ انصاف کے تقاضے پورے کرنے کیلئے رانا شمیم کو آخری موقع دیا جاتا ہے۔ بیان حلفی میں ایک ایسے جج کا نام آیا جو بیرون ملک چھٹیوں پر تھے۔

 حکم نامے کے مطابق رانا شمیم نے 15 جولائی 2018 کی گفتگو کا حوالہ دیا۔ رانا شمیم نے جواب میں واضح کہا کہ انہوں نے بیان حلفی اخبار کو نہیں دیا۔ رانا شمیم نے تاثر دینے کی کوشش کی کہ بیان حلفی نوٹری پبلک لندن نے لیک کیا۔ اگر ایسا ہوا تو اخبار اور نوٹری پبلک لندن پر سنگین اثرات پڑیں گے اور بھی ضروری ہو گیا ہے کہ رانا شمیم اب اصل بیان حلفی پیش کریں۔