Thursday, September 19, 2024

سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے پھر عمران خان کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے

سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے پھر عمران خان کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے
August 12, 2018
نیو دہلی (92 نیوز) بھارتی سیاستدان، مشہور ٹیلی وژن شخصیت اور سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نےایک بار پھر عمران خان کی تعریفوں کے پل باندھ دیے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں عمران خان کی زبان پر بھروسہ ہے۔ بھارتی میڈیا کو انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے وزیراعظم  بننے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہتر ہوں گے۔ نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا تھا کہ عمران خان نے انہیں فون پر بذات خود اپنی تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت دی اور اس دعوت نامے کا ملنا ان کیلئے اعزاز کی بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ کم سے شروع کیا ہے، چاہے وہ کرکٹ ہو یا سیاست۔ نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ایک سیٹ سے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کیا اور اب وہ وزیراعظم بننے جا رہے ہیں۔ اس سے قبل بھی نوجوت سنگھ سدھو میڈیا سے گفتگو میں عمران خان کی تعریف کر چکے ہیں جس کے بعد بھارتی میڈیا کی جانب سے ان پر شدید تنقید کی جارہی تھی، یہاں تک کہ انتہاپسندوں نے انہیں غدار تک قرار دے دیا تھا۔