Tuesday, April 23, 2024

سابق بھارتی وزیر خزانہ ارون جیٹلی انتقال کر گئے

سابق بھارتی وزیر خزانہ ارون جیٹلی انتقال کر گئے
August 24, 2019
نئی دہلی ( 92 نیوز ) سابق بھارتی وزیر خزانہ اور بی جے پی کے سینئر رہنما ارون جیٹلی طویل علالت کے بعد آج نئی دہلی  میں انتقال کرگئے، وہ کچھ عرصہ سے سانس کی تکلیف کے باعث اسپتال میں زیر علاج تھے ۔ آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (ایمس) نئی دہلی کی جانب سے جاری  کردہ پریس ریلیز کے مطابق  ارون جیٹلی  24 اگست بروز ہفتہ کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12:07پر  انتقال کر گئے۔ رواں سال  بھارت کے عام انتخابات میں  بی جے پی کو اکثریت ملنے کے بعد سابق بھارتی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے وزارت لینے سے معذرت کی تھی ،جسے وزیراعظم نریندر مودی نےقبول کرلیا تھا۔ آنجہانی ارون جیٹلی  28 دسمبر1952 کونئی دہلی کے  علاقہ نارائن وہار میں پیدا ہوئے ، ابتدائی تعلیم بھی وہاں  کے سینٹ جیویئراسکول سے حاصل کی۔ ارون  نے شری رام کالج آف کامرس سے  1973 میں گریجویشن کیا،انہوں نے پڑھائی کے دوران سیاست میں بھی حصہ لیا اور 1974 میں دہلی یونیورسٹی کے طلبہ یونین کے صدر منتخب ہوئے۔