Friday, April 26, 2024

سابق ایڈیشنل سیکرٹری رانا غلام مرتضیٰ 5روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

سابق ایڈیشنل سیکرٹری رانا غلام مرتضیٰ 5روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے
October 22, 2015
اسلام آباد (92نیوز) سینیٹ کی ہاوسنگ سوسائٹی میں کروڑوں روپے کی خورد برد کے الزام میں گرفتار سابق ایڈیشنل سیکرٹری رانا غلام مرتضی کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔ احتساب عدالت نے دوران سماعت تفتیشی ٹیم کو خبردار کیا کہ اس کے بعد ملزم کا مزید ریمانڈ نہیں دیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق نیب کی تفتیشی ٹیم نے سابق ایڈیشنل سیکرٹری سینیٹ رانا غلام مرتضی کو احتساب عدالت میں پیش کرکے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ نیب کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے دوساتھیوں کو گرفتار کرکے جیل بھجوایا جا چکا ہے۔ ملزم رانا غلام مرتضی دوہزار پانچ سے دوہزار نو تک سینیٹ کی ہاو¿سنگ سوسائٹی کا ایگزیکٹو ممبر رہا۔ ان کے خلاف سوسائٹی کی 92کنال اراضی سستے داموں فروخت کرکے ساڑھے چار کروڑ روپے خورد برد کا الزم ہے جبکہ ملزم کے وکیل راجہ عبدالقیوم نے ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ رانا غلام مرتضی نے سوسائٹی کے سیکرٹری اور صدر کی منظوری سے 92کنال اراضی فروخت کی، ریمانڈ بلاجواز ہے۔ احتساب عدالت کے جج نثار بیگ نے ملزم کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کرتے ہوئے تفتیشی ٹیم کو خبردار کیا کہ اگرملزم سے کوئی برآمدگی درکار ہے تو اسے مقررہ مدت میں ہی مکمل کیا جائے، اس کے بعد مزید ریمانڈ نہیں دیا جائے گا۔ ایڈیشنل سیکرٹری رانا غلام مرتضی کو گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ سے عبوری ضمانت خارج ہونے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔