Friday, April 26, 2024

سابق ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی ختم

سابق ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی ختم
April 12, 2019

 لاہور (92 نیوز) سابق ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی ختم ہو گئی۔ لاہور ہائیکورٹ کے فل بینچ نے کیس کا محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا۔

 احمد اویس نے گزشتہ روز ایڈووکیٹ جنرل کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ وزیراعلیٰ نے پیش ہو کر عدالت سے واقعہ پر معذرت بھی کی تھی۔

 جسٹس محمد قاسم خان کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے کیس کی سماعت کی تھی۔ عدالتی حکم پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت، چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر عدالت میں پیش ہوئے تھے۔

 بنچ کے سربراہ جسٹس قاسم خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سب سے بڑا لاء افسر ہوتا ہے، اسی لئے اس کی سب سے زیادہ عزت ہوتی ہے۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس نے توہین عدالت کی،جس پر انہیں توہین عدالت کا نوٹس دیا۔ عدالتی فیصلہ  تیئیس مارچ کوکیا گیا مگر گیارہ اپریل تک جواب نہیں دیا گیا، کیا یہ سب کچھ آپ کے علم میں ہے؟۔

 اس پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا تھا وہ  عدلیہ کی عزت کرتے ہیں ان کے علم میں ایسی کوئی بات نہیں۔ انہوں نے بتایا تھا میری بہت سی مصروفیات ہیں اور والد صاحب کی وفات کی وجہ سے بھی اس طرف توجہ نہیں دے پایا۔

 عدالت نے کیس کے تمام فریقوں کو آئندہ سماعت تک تحریری جواب داخل کرنے کی ہدایت کی تھی۔ عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔