Thursday, May 2, 2024

چوتھی بار پاکستان کو عالمی چیمپئن بنانے والے منصور احمد اب ہم میں نہیں رہے

چوتھی بار پاکستان کو عالمی چیمپئن بنانے والے منصور احمد اب ہم میں نہیں رہے
May 12, 2018
کراچی ( 92 نیوز ) قومی کھیل کا ایک عہد ختم ہو گیا، اولپمیئن منصور احمد اب ہم میں نہیں رہے۔ چوتھی بار پاکستان کو عالمی چیمپئن بنوانے والے منصور احمد دل کے عارضے میں مبتلا تھے،آج صبح حالت بگڑنے پر وینٹی لیٹر منتقل کیا گیا،دوران علاج خالق حقیقی سے جاملے ۔قومی ہیرو کی وفات پر پوری قوم سوگ میں ڈوب گئی،ہاکی ٹیم کے کھلاڑی اور آفیشلزبھی سوگوار ہیں ۔ آخری بار پاکستان کو ورلڈ چیمپئن بنانے والے اولمپئین منصور احمد نے علاج کیلئے حکومت سے اپیل کی تھی کہ وہ اپنا علاج بھارت میں کروانا چاہتے تھے اور ویزے کی درخواست بھی جمع کرائی تھی۔ منصور احمد نے 1985 میں پہلا جونیئر ہاکی ورلڈکپ کھیلا، اگلے ہی سال سینئر ٹیم میں انتخاب ہوئے اور ایشین گیمز میں سلور میڈل حاصل کیا، 14 سالہ کیرئیر میں ہاکی کے 338 عالمی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی، تین بار اولمپکس اور عالمی مقابلوں میں نمائندگی کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ مرحوم نے 1990 کے عالمی کپ میں سلور، 1992 کے اولمپکس میں کانسی اور 1994کے عالمی کپ میں سونے کا میڈل حاصل کیا تھا ۔ منصور احمد کو 1986 میں صدارتی ایوارڈ اور 1994 میں تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا گیا، گورنر سندھ، وزیراعلیٰ سندھ سمیت دیگر سیاسی رہنماوں نے منصور احمد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔