Sunday, September 8, 2024

سابق آئی جی آفتاب چیمہ کی ترقی روکے جانے پر اسلام آباد ہائیکورٹ برہم

سابق آئی جی آفتاب چیمہ کی ترقی روکے جانے پر اسلام آباد ہائیکورٹ برہم
March 22, 2016
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) سابق آئی جی آفتاب چیمہ کی ترقی روکے جانے پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سینٹرل سلیکشن بورڈ کو حتمی تاریخ سے آگاہ کرنے کا حکم دے دیا۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کا اپنے ریمارکس میں کہنا تھا کہ عدالت کا منہ مت کھلوائیں سلیکشن بورڈ کے طریقہ کار سے اچھی طرح واقف ہیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق آئی جی اسلام آباد آفتاب چیمہ کی پروموشن سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ خالد سے استفسار کیا کہ عدالت نے ان کی پروموشن کی ہدایت کی تھی اس میں تاخیر کیوں ہوئی ہے۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے مؤقف اپنایا کہ آفتاب چیمہ کے حوالے سے وفاق کی انٹراکورٹ اپیل زیرسماعت ہے، فیصلہ آنے تک پروموشن کا عمل روکا گیا ہے جس پر جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر فیصلہ پانچ سال تک نہیں آتا تو کیا انہیں پانچ سال تک ترقی نہیں ملے گی۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کا کہنا تھا کہ پولیس افسروں کے چودہ کامنر گروپ میں ہونے والی اسی فیصد ترقیوں کے بارے میں سنٹرل سلیکشن بورڈ کے کردار سے بخوبی آگاہ ہیں۔ آفتاب چیمہ کے وکیل مصطفیٰ رمدے نے عدالت کو بتایا کہ ترقی  صرف انکوائری رپورٹ تک روکی گئی تھی جس میں وہ بری الزمہ قرار دئیے جا چکے ہیں۔ وفاق کے پاس اب کوئی جواز باقی نہیں۔ عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو سی ایس پی کی حتمی تاریخ سے آگاہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 28مارچ تک ملتوی کر دی۔