Sunday, September 8, 2024

سائیں کے ایم پی اے بھی سائیں نکلے !!! گھوٹکی میں ہزاروں سیلاب متاثرین کیلئے چاولوں کی صرف دو دیگیں

سائیں کے ایم پی اے بھی سائیں نکلے !!! گھوٹکی میں ہزاروں سیلاب متاثرین کیلئے چاولوں کی صرف دو دیگیں
August 8, 2015
گھوٹکی (92نیوز) مقامی ایم پی اے نے سیکڑوں متاثرین کےلئے صرف 2دیگیں بھجوا دیں۔ بھوک سے جنگ لڑتے متاثرین خوراک کے حصول کےلئے آپس میں لڑ پڑے۔ تفصیلات کے مطابق گھوٹکی میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا کوئی پراسان حال نہیں، مقامی ایم پی اے نے حاتم طائی کی قبر پر لات مارتے ہوئے سیلاب متاثرین کےلئے دو دیگیں بھجوا دیں۔ بھوک سے بے حال متاثرین ان دو دیگوں پر ٹوٹ پڑے۔ بریانی حاصل کرنے کےلئے کئی افراد آپس میں ہی لڑ پڑے۔ سیلاب نے گھر اجاڑ دیئے، فصلیں ملیا میٹ کر دیں۔ ایسے میں بھوک نے ستایا تو پیٹ کی آگ بجھانے کےلئے متاثرین کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہو گئے۔ گھوٹکی میں بھی ایسی ہی صورتحال پیش آئی۔ جب مقامی ایم پی اے نے سخاوت کی اعلیٰ ترین مثال قائم کرتے ہوئے سیکڑوں متاثرین کےلئے صرف دو بریانی کی دیگیں بھجوا دیں۔ بھوک سے نڈھال افراد نے جب دیگیں دیکھیں تو ان پر جھپٹ پڑے۔ بھوک سے جنگ لڑتے متاثرین آپس میں بھی گتھم گتھاہو گئے۔ دیگیں لانے والی گاڑی کے آگے پیچھے سیکڑوں متاثرین بھاگتے رہے۔ دیہاتیوں نے بتایا کہ بڑے سائیں جی بھی یہاں آئے تھے۔ دس متاثرین کو امداد دی، فوٹو بنوایا اور چلتے بنے۔ سائیں کے جانے کے بعد امدادی سامان لانے والا ڈرائیور بھی بھاگ گیا۔