Tuesday, April 23, 2024

سائیں سرکار کے کارنامے ،کرپشن کیس میں نامزد اور ضمانت پررہا ملزم کو سیکرٹری اطلاعات لگادیا

سائیں سرکار کے کارنامے ،کرپشن کیس میں نامزد اور ضمانت پررہا ملزم کو سیکرٹری اطلاعات لگادیا
June 1, 2016
کراچی(92نیوز)سائیں سرکار کےکارنامے نرالے ہیں۔کرپشن کےالزام میں نیب انکوائری میں نامزد اور ضمانت پررہا ملزم کو سیکرٹری اطلاعات لگادیا ۔ غلطی کا احساس ہوا تو چند گھنٹوں بعد ہی عہدے سے ہٹادیا ۔ تفصیلات کےمطابق سندھ میں سیکرٹری اطلاعات کا عہدہ میوزیکل چیئربن گیا ، ایک کےبعد ایک  سیکرٹری اطلاعات آتا گیا اور جاتا گیا ،منگل کی سہ پہر سائیں سرکار نے اچانک سیکرٹری اطلاعات سندھ زاہد میمن کو عہدے سےہٹایا ۔ بدھ کی صبح  حیران کن فیصلہ ہوا اور غیر قانونی اشتہارات سے متعلق نیب انکوائری میں نامزد، سندھ ہائی کورٹ سے ضمانت پر رہا  اور خود ساختہ جلا وطن شرجیل انعام میمن کے قریبی ساتھی  ذوالفقار شیلوانی کو سیکرٹری اطلاعات لگادیا گیا ۔ چند گھنٹے ہی گزرے تھے کہ سائیں سرکار کو جیسے ہوش آگیا  شام پانچ بجے  ذوالفقار شیلوانی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ۔ اب کہ قرعہ اعجازمیمن کےنام نکلا اور انہیں سیکرٹری اطلاعات سندھ بنادیا گیا،ان کےپاس سیکرٹری ورکس اینڈ سروسز کی بھی اضافی ذمہ داری ہوگی  ۔