Sunday, September 8, 2024

سائیں سرکار نے غریبوں کے علاج کیلئے بھٹو کا قائم کردہ ادارہ بند کر دیا

سائیں سرکار نے غریبوں کے علاج کیلئے بھٹو کا قائم کردہ ادارہ بند کر دیا
January 16, 2016
کراچی (92نیوز) سندھ میں مزدوروں کا علاج بند۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی رہنما ذوالفقار علی بھٹو کا قائم کردہ سندھ ورکر ویلفیئر بورڈ کرپشن اور لوٹ کھسوٹ کا شکار ہو گیا۔ لاڑکانہ ،سکھر اور حیدرآباد کے بعد کراچی ڈویژن میں 2000 سے زائد ملازمین کو طبی سہولت کی فراہمی بند کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی رہنما ذوالفقار علی بھٹو کا مزدوروں کے لیے قائم کردہ سندھ ورکر ویلفیئر بورڈ کرپشن اور لوٹ کھسوٹ سے تباہ حالی کا شکار ہوگیا جس کے بعد ادارے کے ملازمین کی علاج معالجے کی بنیادی سہولت بھی بند کردی گئی۔ 92 نیوز نے سندھ ویلفیئر بورڈ کے سروس رول ، ملازمین کی طبی سہولت کو بند کرنے اور عدالتی احکامات کی نقول حاصل کرلیں۔ دستاویزات کے مطابق سائیں سرکار نے پہلے تو رقم کی فراہمی بند کرکے سکھر ، لاڑکانہ اور حیدرآباد ڈویژن کے اسپتالوں سے ادارے کے ملازمین کا علاج بند کروایا۔ پھر باری آئی کراچی ڈویژن کی اور 2000 سے زائد ملازمین کو طبی سہولت کی فراہمی بند کردی گئی۔ ذرائع کے مطابق سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ کے ملازمین کی مد میں آنے والی رقم صوبائی حکومت نے کہیں اور خرچ کردی ہے جس کے بعد ادارے کے ملازمین نے اپنے علاج کی سہولت جاری رکھنے کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔ ہائی کورٹ نے سیکرٹری سندھ ورکر ویلفیئر بورڈ شاہ محمد شاہ اور سیکرٹری لیبر عبدالرشید سولنگی کو 21 جنوری کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ ادارے کے ملازمین طبی سہولت کے بند ہوجانے کے بعد اسپتالوں میں دھکے کھانے پر مجبور ہوگئے۔