Monday, May 6, 2024

سائیں سرکار بازی لے گئی !!! ریٹائرڈ افسروں کے پاس 600 سرکاری گاڑیاں، 300 کا ”سرکاری پٹرول“ جاری

سائیں سرکار بازی لے گئی !!! ریٹائرڈ افسروں کے پاس 600 سرکاری گاڑیاں، 300 کا ”سرکاری پٹرول“ جاری
June 11, 2015
کراچی (92نیوز) سندھ سیکرٹریز کمیٹی کے اجلاس میں سائیں سرکار کی 600 سرکاری گاڑیاں غیرمتعلقہ افراد کے زیراستعمال ہونے کا انکشاف ہوا مگر کمشنر کراچی پوری میٹنگ میں سوئے رہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ سیکرٹریز کمیٹی کے اجلاس میں سرکاری ملازمتوں پر خواتین، اقلیتوں اور معذور افراد کے کوٹے پر عملدرآمد نہ ہونے کا نوٹس لے لیا گیا۔ چیف سیکرٹری کے زیرصدارت سندھ کے تمام محکموں کے سیکرٹریز، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ وفاق سے ضم ہونے والے کنٹریکٹ اور ایڈ ہاک ملازمین کے بارے میں تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ چیف سیکرٹر ی سندھ صدیق میمن نے تما م سیکرٹریز کو ایک ہفتے کے اندر کوٹے پر دی جانے والی نوکریوں سے متعلق رپورٹ طلب کر لی۔ میٹنگ میں ایک بار پھر انکشاف کیا گیا کہ سندھ میں ریٹائرڈ افسران اور غیرمتعلقہ افراد 600 سے زائد سرکاری گاڑیاں استعمال کررہے ہیں۔ صرف یہی نہیں بلکہ تین سو سے زائد گاڑیوں کافیول بھی سندھ سرکار کے ذمہ ہے جبکہ استحقاق نہ رکھنے والے افسران بھی وی آئی پی گاڑیوں کے مزے اڑا رہے ہیں۔ چیف سیکرٹری نے سات روز کے اندر رپورٹ تیار کرکے گاڑیاں واپس واگزار کرانے کے احکامات جاری کردیئے اور ایسے افسران جن کو گاڑیوں کے استعمال کا استحقاق نہیں انہیں اظہار وجہ کا نوٹس جاری کرکے محکمانہ کارروائی کی احکامات بھی دے دیئے۔