Friday, March 29, 2024

سائنسدانوں نے جسم کی چربی پگھلانے کا آسان طریقہ ڈھونڈ لیا

سائنسدانوں نے جسم کی چربی پگھلانے کا آسان طریقہ ڈھونڈ لیا
October 26, 2015
اوہائیو (ویب ڈیسک) اوہائیو اسٹیٹ یونیورسٹی کے محققین نے کہا ہے کہ واک کرتے ہوئے مستحکم رفتار کے مقابلے میں بار بار رفتار تبدیل کرنے سے 20 فیصد زیادہ کیلوریز کو جلایا جا سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سائنس دانوں نے چہل قدمی کے ذریعے زیادہ کیلوریز جلانے کا ایک آسان طریقہ ڈھونڈ نکالا ہے۔ محققین کا کہنا ہے کہ پیدل چلنے کی سادہ مشق کے دوران اگر رفتار کو بار بار تبدیل کیا جائے تو اس طرح زیادہ کیلوریز کو جلایا جا سکتا ہے۔ میکینیکل اینڈ ائیرو اسپیس سے وابستہ انجینئرنگ کے محققین نے اپنے مطالعہ میں وضاحت کی کہ مختلف رفتار کے ساتھ پیدل چلنے سے ایک شخص کے میٹا بولک نظام کی شرح میں 20 فیصد اضافہ ہوتا ہے جس سے جسم میں چربی والی غذاوں کو پراسس کرنے کا عمل متاثر ہوتا ہے اور ہم زیادہ حرارے جلاتے ہیں۔ محققین نے مشورہ دیا ہے کہ اگلی بار جب آپ واک پر جائیں تو شروع میں معمول سے زیادہ تیز چلنے کی کوشش کریں اور پھر اپنی رفتار سست کر لیں اور پھر دوبارہ سے اپنی رفتار میں اضافہ کریں۔ پیدل چلتے ہوئے پہلے تھوڑی دیر تیز تیز چلیں اور پھر رک جائیں اور پھر دوبارہ سے تیز چلیں اور چاہیں تو کندھے پر بیگ لے کر چلیں یا پیروں میں وزن باندھ کر چلیں اور پیدل چلتے ہوئے سیدھے راستوں پر چلنے کے بجائے ٹیڑھے میڑھے راستوں کا انتخاب کریں۔