Saturday, April 27, 2024

زیڈ زون میں عدم داخلہ کی حکومتی تجویز مان لی، عبدالغفور حیدری

زیڈ زون میں عدم داخلہ کی حکومتی تجویز مان لی، عبدالغفور حیدری
October 27, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) جے یوآئی (ف) کے رہنماءمولانا عبد الغفور حیدری کہتے ہیں کہ ہم نے حکومت سے مذاکرات کیے اور ریڈزون میں داخل نہ ہونے کی تجویز مان لی۔ حافظ حمد اللہ کا شناختی کارڈ بحال اور حمد اللہ کو رہا کیا جائے، تحریک کے دن حمد اللہ کا شناختی کارڈ بلاک ہوا ،کفایت اللہ کو گرفتار کیا گیا۔ مقبوضہ کشمیر میں یوم سیاہ کے حوالے سے سینیٹر مولانا عبد الغفور حیدری نے پریس کانفرنس کرتے ہو ئے کہا کہ آج دنیا بھر میں مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے اپنی فوجیں اتاریں، بھارت کی افواج ابھی تک معصوم کشمیریوں پر ظلم و ستم ڈھائے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سے آزادی مارچ کا آغاز کر دیا گیا ہے ،اسلام آباد میں آج 4 بجے کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا، بھارت میں جب مودی سرکار مسلط ہوئی تب سے مسلمانوں پر ظلم و بربریت جاری ہے، مقبوضہ کشمیر میں 83 روز ہوگئے کرفیو نافذ ہے۔ جے یوآئی رہنماء نے کہا اقوام متحدہ قرار دادوں پر عملدرآمد کرانے میں ناکام رہا ہے، اقوام متحدہ جانبداری کا مظاہرہ کر رہا ہے، اقوام متحدہ ایسے اقدامات نہیں اٹھا سکا جس سے کشمیر میں ظلم و بربریت روک سکے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف اقوام عالم سے کوئی آواز بلند نہیں ہو رہی، عرب لیگ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 72 برس سے کشمیری ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں، پاکستان کو اسلامی دنیا اور دیگر ممالک کو اعتماد میں لینا چاہیے تھا جس میں ہماری حکومت ناکام رہی، ہم بھی قصور وار ہیں کہ کشمیر سے متعلق موثر آواز بلند نہ کر سکے۔