Wednesday, May 15, 2024

زینب مارکیٹ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر سیل

زینب مارکیٹ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر سیل
May 13, 2020

کراچی ( 92 نیوز) ایک جانب کورونا  کے وار بڑھتے جارہے ہیں تو دوسری جانب شہریوں کی بے احتیاطی  کسی بڑے خطرے کو دعوت دے رہی ہے، کراچی میں انتظامیہ نے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایکشن کرتےہوئے زینب مارکیٹ سمیت کئی دکانیں سیل کردیں۔

کراچی میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر انتظامیہ ایکشن میں آگئی ،  کمشنر کراچی نے زینب مارکیٹ سمیت کئی دکانیں سیل کردیں ۔صبح  دکانوں کے شٹر اٹھے تو شہریوں کا ہجوم امڈ آیا، عید شاپنگ کے چکر میں  سماجی دوری کے  احکامات پاؤں تلے روند ڈالے ، بندہ  بندے سے ٹکراتا رہا، چہرے پرماسک، ہاتھوں میں گلوز نہ  دکانوں میں ہینڈ سینی ٹائزر تھا ۔

لائٹ ہاوس، جامعہ کلاتھ   ، صدر یا زینب مارکیٹ ، کہیں بھی ایس او پیز پر عملدرآمد دیکھنے کو نہیں ملا ، عید شاپنگ کے جنون میں والدین نے بچوں کو بھی خطرے میں جھونک دیا، پوچھنے پر کہا  بچوں کے ناپ کا مسئلہ ہوتا ہے۔

چھوٹے میاں تو چھوٹے میاں بڑے میاں سبحان اللہ، بزرگ  افراد جنہیں کورونا سے سب سے زیادہ خطرہ ہے وہ بھی بے خوف گھومتے نظر آئے جبکہ ماسک نہ  پہننے والوں نے بھی خوب بہانے۔

تاجر رہنماؤں  کا کہنا ہے کہ رش زیادہ ہونے کی وجہ سے  ایس او پیز پرمکمل عملدرآمد نہیں ہورہا۔

شہریوں اور دکانداروں کی جانب سے  ہدایات کسی خاطر میں نہ لانے پر  انتظامیہ  کو ایکشن لینا پڑا ، اسسٹنٹ کمشنر کراچی  موقع پر پہنچے  اور زینب مارکیٹ سمیت کئی دکانوں کو تالے لگادیئے ، اس دوران تاجروں اور انتظامیہ کے درمیان بحث و تکرار بھی ہوتی رہی  ۔