Thursday, April 25, 2024

زینب قتل کیس، عمران خان ، بلاول بھٹو سمیت سیاسی رہنماؤں کا غم و غصے کا اظہار

زینب قتل کیس، عمران خان ، بلاول بھٹو سمیت سیاسی رہنماؤں کا غم و غصے کا اظہار
January 10, 2018

اسلام آباد ( 92 نیوز ) 7 سالہ زینب کے قتل پر سیاسی رہنماؤں نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔  عمران خان کہتے ہیں شریفوں نے پولیس کو تباہ کر دیا ۔ قصور میں پہلے بھی ایسے واقعات ہو چکے ہیں  ۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ معصوم  زینب کا قتل شریفوں کے اقتدار کےمنہ پر طمانچہ ہے۔

اندوہناک واقعہ پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ 7 سالہ زینب  کے قتل سے پوری قوم کا سر جھک گیا ۔ پنجاب پولیس احتجاج کرنے والوں پر ہی گولیاں برسا رہی ہے ۔ ملزموں کو جلد سے جلد گرفتار کر کے سزا دی جائے ۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں معصوم  زینب کا قتل شریفوں کے اقتدار کےمنہ پر طمانچہ ہے ۔ پنجاب کے کچھ علاقے بچیوں کےلیے جہنم بنا دیئے گئے ہیں ۔

اعتزاز احسن  نے کہا کہ قصور میں حکومت کی ناکامی سامنے آگئی ۔ بچوں کو اغوا کر کے قتل کیا جا رہا ہے ۔ جبکہ دونوں بھائیوں میں سعودی عرب پہنچنے کی دوڑ لگی ہوئی ہے ۔

شیخ رشید نے اندوہناک واقعہ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حالات کو سنبھالنے کی  پولیس کی ٹریننگ ہی نہیں ہے ۔ قوم نکلی تو لٹیروں اور ڈاکوؤں کا خاتمہ کرکے دم لے گی ۔ قصور واقعہ کے بعد پوری قوم رنجیدہ ہے ۔

اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ قصور میں ظلم و زیادتی ہو ئی ہے ۔ متاثرین کو انصاف ملنا چاہیے ۔ حکومت کا خاتمہ طاہر القادری   کا موقف ہے ہمارا نہیں۔

 پیپلز پارٹی کے رہنما چودھری منظور  کا کہنا ہے کہ  قصور میں ایک ہی طرح کے بارہ واقعات ہوئے ۔ پولیس کہاں سو رہی تھی۔