Thursday, March 28, 2024

زین قتل کیس:مصطفیٰ  کانجو دیگرچار ملزموں سمیت جوڈیشل ریمانڈ پر جیل روانہ

زین قتل کیس:مصطفیٰ  کانجو دیگرچار ملزموں سمیت جوڈیشل ریمانڈ پر جیل روانہ
April 20, 2015
لاہور(92نیوز)لاہور میں طالبعلم زین کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم مصطفے کانجو سے پولیس نے تفتیش مکمل کر لی،مصطفے کو دیگر چار ملزموں سمیت چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق زین قتل کیس کے مرکزی ملزم مصطفیٰ کانجو اور اسکے چار سکیورٹی گارڈز اکرم، سعد، اکرام اور صادق کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا۔ سی آئی اے پولیس کی تفتیشی ٹیم نے عدالت سے استدعا کی کہ گرفتار ملزموں سے جسمانی ریمانڈ کے دوران تفتیش مکمل کر لی گئی ہے جبکہ آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ جس پر عدالت نے چاروں ملزموں کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم صادر کر دیا۔ دوسری جانب ملزم کے وکیل صفائی بیرسٹر نوازش نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملزم مصطفٰی کانجو نے دوران تفتیش اعتراف جرم نہیں کیا۔ واقعہ دو طرفہ فائرنگ کے باعث پیش آیا تھازین کس کی گولی کا نشانہ بنا ابھی تک معمہ حل نہیں ہو سکا۔ پولیس ملزم مصطفی کانجو کو میڈیا سے بچاتے ہوئے عدالت کے پچھلے دروازے سے اندر لائی اور اسی گیٹ سے واپس اسے جیل منتقل کر دیا گیا۔