Saturday, May 11, 2024

زین آفندی قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا

زین آفندی قتل  کا مقدمہ درج کر لیا گیا
January 7, 2021

کراچی (92 نیوز) سندھ مدرسۃ الاسلام کے بانی حسن علی آفندی کے پوتے زین آفندی کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ، مقتول کی بیوہ کی مدعیت میں درج کیے گئے مقدمے میں ڈکیتی کے دوران قتل کی دفعہ عائد کی گئی ہے پولیس چیف غلام نبی میمن نے کہا ہے کے ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائیگا۔

کراچی میں سندھ مدرسۃ الاسلام کے بانی حسن علی آفندی کے پوتے کے قتل  کے چوبیس  گھنٹوں کے بعد مقدمہ مقتول کی اہلیہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق بیوہ نے بیان دیا ہے کہ وہ اور ان کے شوہر گھر کی بالائی منزل پر بنے کمرے میں موجود تھے اور صبح تقریباً چار بج کر بیس منٹ پر ان کے کمرے کا دروازہ توڑ کر چار مسلح افراد داخل ہوئے جنھوں نے زیور چھینے ،موبائل فونز اُٹھائے ۔

اس دوران شوہر کی جانب سے مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کی گئی جس سے زین آفندی دم توڑ گئے جبکہ ملزمان نے گراؤنڈ فلور پر موجود گھر کے چوکیدار اور ملازمین کو رسیوں سے باندھا ہوا تھا ۔
دوسری جانب کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن نے بھی زین آفندی کے گھر کا دورہ کیا ، انکا کہنا تھا کہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے ، سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی مدد سے کیس پر کام کر رہے ہیں ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائیگا۔