Friday, May 17, 2024

زیادہ بیٹھنا اور زیادہ نیند تمباکو اور شراب نوشی جتنا نقصان پہنچاتے ہیں: تحقیق

زیادہ بیٹھنا اور زیادہ نیند تمباکو اور شراب نوشی جتنا نقصان پہنچاتے ہیں: تحقیق
December 16, 2015
سڈنی (ویب ڈیسک) سائنس دانوں نے خبردار کیا ہے کہ تمباکو یا شراب نوشی کی طرح زیادہ دیر تک بیٹھنا اور زیادہ سونے کی عادتیں بھی انسانی صحت کےلئے قاتل ثابت ہوسکتی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی سائنس دانوں نے غیرفعالیت اور زیادہ نیند لینے کے طبی نقصانات پر زبردست انتباہی پیغام دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جس طرح دیگر غیر صحت مند عادتیں مثلاً تمباکو نوشی یا غیرصحت مند کھانے ہماری صحت کے لیے اچھے نہیں ہیں بالکل اسی طرح زیادہ دیر بیٹھنا اور زیادہ دیر تک سونے والے لوگ بھی غیر صحت مند یا بیمار ہوتے ہیں۔ سڈنی یونیورسٹی کے محققین کو ایک حالیہ مطالعے سے پتا چلا کہ جن لوگوں کے روزمرہ کے معاملات میں زیادہ دیر تک بیٹھنا اور سونا شامل تھا وہ رفتہ رفتہ جسمانی سرگرمیوں سے دور ہوتے چلے گئے اور ان لوگوں میں تمباکو یا شراب نوشی کرنے والے لوگوں کی طرح قبل از وقت موت کا امکان تھا۔ اس مطالعے میں 45 برس یا اس سے زائد عمر کے دو لاکھ تیس ہزار شامل تھے۔ محققین نے شرکاءسے روز مرہ معاملات میں سے غیر صحت مند سرگرمیوں مثلاً نامناسب کھانوں کی عادتیں، تمباکو یا شراب نوشی، غیر فعالیت، طویل نشست اور زیادہ نیند (نو گھنٹے سے زیادہ کی نشست اور نیند) کے بارے میں معلومات جمع کیں۔ خیال رہے کہ ایک پچھلے مطالعے میں نیدرلینڈ سے تعلق رکھنے والے سائنس دانوں نے بتایا تھا کہ زیادہ دیر تک بیٹھنے کے نقصانات بالغ افراد سمیت نوجوانوں پر یکساں ظاہر ہوئے تھے۔ طویل نشست کی وجہ سے 30 برس کے نوجوانوں کے جسم کی شریانیں سخت یا اکڑ جاتی ہیں جسے میڈیکل سائنس میں دل کی بیماریوں کی علامت تصور کیا جاتا ہے۔