Sunday, May 12, 2024

زہریلی گیس کا اخراج ، کیماڑی سے علاقہ مکینوں کی نقل مکانی کا اشارہ

زہریلی گیس کا اخراج ، کیماڑی سے علاقہ مکینوں کی نقل مکانی کا اشارہ
February 18, 2020
کراچی ( 92 نیوز) کیماڑی میں زہریلی گیس کے اخراج سے 8 ہلاکتیں ہو گئیں ،  گیس کے اخراج کی وجہ کیا ہے ، کہاں سے خارج ہوتی ہے تاحال کچھ علم نہ ہو سکا ،وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے  ہنگامی اجلاس کی صورت کرتے ہوئے علاقہ مکینوں کی نقل مکانی کا اشارہ دے دیا ۔ ادھر  سپارکو نے ٹیسٹ کرنے کیلئے مختلف نمونے حاصل کرلیے ہیں۔ کیماڑی میں جان لیوا زہریلی گیس کا اخراج معمہ بن گیا  ، 2 دن بعد بھی گیس کے اخراج کی وجہ معلوم نہ ہوسکی  ، خواتین، بچے، جوان اور بزرگ سب ہی متاثر ہوئے ، 200 سے زائد افراد متاثر ہوکر اسپتالوں میں پہنچ گئے  جبکہ 8 افراد زدگی کی بازی ہارچکے ہیں ۔ کیماڑی میں سانس لینا انتہائی مشکل ہوگیا، ماسک بھی نایاب ہوگئے  ، علاقے میں خوف کے بادل گہرے ہوگئے  ، گزشتہ رات وزیراعلیٰ سندھ نے صورتحال پر ہنگامی اجلاس کی صدارت کی  جس میں فیصلہ کیا گیا کہ صورتحال کے مطابق ریلوے کالونی کے مکینوں کو شادی ہالز میں منتقل کیا جائے گا ۔ کمشنر کراچی نے بتایا کہ ایک جہاز سے سویا بین یا کوئی اور چیز اتارے جانے سے گیس کا اخراج ہوا  ، اجلاس کے دوران ہی وزیراعلیٰ نے کور کمانڈر کراچی سے بھی بات کی ، وزیراعلیٰ نے کہا گیس اور ایئر کوالٹی چیک کرنے سے متعلق پاک آرمی بھی مدد کررہی ہے ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے مختلف اسپتالوں کا دورہ بھی کیا اور متاثرہ افراد سے خیریت دریافت کی  جبکہ انہیں ہرممکن امداد کی یقین دہانی بھی کرائی ۔