Sunday, September 8, 2024

زہریلی شراب 35 زندگیاں نگل گئی، کئی افراد کی حالت تشویشناک

زہریلی شراب 35 زندگیاں نگل گئی، کئی افراد کی حالت تشویشناک
March 22, 2016
ٹنڈو محمد خان (92نیوز) ٹنڈو محمد خان میں زہریلی شراب پینے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد پینتیس ہوگئی۔ سندھ اسمبلی میں معاملہ اٹھائے جانے پر متعلقہ ایس ایس پی نسیم آرا کو معطل کر دیا گیا ہے تاہم اس قدر وسیع پیمانے پر ہلاکتوں کے باوجود ضلع میں شراب بیچنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ میں زہریلی شراب ایک بار پھر موت کا پیغام بن گئی اور کئی گھرانوں میں صف ماتم بچھا دی۔ اتوار کی شب ٹنڈو محمدخان کے مختلف علاقوں سے زہریلی شراب پینے والے کئی افراد کو تشویشناک حالت میں ٹنڈو محمد خان اور حیدرآباد کے اسپتالوں میں لایا گیا جن میں سے بیشتر دم توڑ گئے جس کے بعد ہر طرف کہرام مچ گیا۔ اس موقع پر شہریوں نے زہریلی شراب کی فروخت پر شدید احتجاج بھی کیا۔ شراب سے ہلاکتوں کی گونج سندھ اسمبلی میں بھی جا پہنچی۔ ایکسائز کے وزیر گیان چند نے معاملہ ایوان میں اٹھاتے ہوئے متعلقہ افسروں کو معطل کرکے انکوائری کا حکم دے دیا ہے اور کہا کہ شراب کچی ہو یا پکی سرعام فروخت بند کی جائے گی۔ اسمبلی اجلاس کے بعد ٹنڈو محمد خان کے ایس ایس پی نسیم آرا کو ہٹا کر ایس ایس پی حیدرآباد عرفان بلوچ کو اضافی چارج دے دیا گیا تاہم اس گھناو¿نے کاروبار سے وابستہ کسی بھی مجرم کو تاحال گرفتار نہیں کیا جا سکا۔ دوسری طرف ہلاک ہونے والوں کی تدفین بھی کردی گئی۔