Thursday, March 28, 2024

زہرا بی بی کی ہلاکت، تحقیقاتی کمیٹی کی جناح ہسپتال آمد، ڈاکٹرز کے بیانات قلمبند

زہرا بی بی کی ہلاکت، تحقیقاتی کمیٹی کی جناح ہسپتال آمد، ڈاکٹرز کے بیانات قلمبند
January 3, 2017

لاہور (92نیوز) گزشتہ روز جناح اسپتال کے ٹھنڈے فرش پر جاں بحق ہونے والی ساٹھ سالہ خاتون کی ہلاکت کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی جناح اسپتال پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق دل کی مریضہ ساٹھ سالہ زہرہ بی بی گزشتہ روز مختلف اسپتالوں میں دھکے کھانے کے بعد جناح اسپتال پہنچی تو مریضہ کو داخل کرنے کے باوجود بیڈ فراہم کیا گیا نہ ہی اسٹریچر دیا گیا۔ دل کی مریضہ کو ٹھنڈے فرش پر لٹا کر ڈرپ لگا دی گئی۔

زہرہ بی بی موت کی نیند سوئی تو خادم اعلیٰ جاگ گئے اور تحقیقات کا حکم جاری کر دیا۔ انکوائری کمیٹی زہرہ بی بی کی ہلاکت کی تحقیقات کے لیے جناح اسپتال پہنچی اور وارڈ کے ڈاکٹروں اور دیگر سٹاف کے بیانات قلمبند کیے۔

پروفیسر فیصل مسعود کی سربراہی میں قائم انکوائری کمیٹی نے ایم ایس جناح ڈاکٹر ظفر یوسف کو بھی طلب کیا۔ انکوائری کمیٹی کے دیگر ممبران میں پروفیسر سردار فخرامام اور ڈاکٹر سلمان شاہد بھی شامل ہیں۔ انکوائری کمیٹی مریضہ کے اہل خانہ کے بیانات بھی قلمبند کرے گی۔