Friday, March 29, 2024

زہرا بی بی کی ہلاکت، 3 پروفیسرز سمیت 5 ڈاکٹرز معطل

زہرا بی بی کی ہلاکت، 3 پروفیسرز سمیت 5 ڈاکٹرز معطل
January 9, 2017

لاہور (92نیوز) جناح ہسپتال لاہور میں زہرہ بی بی ہلاکت کیس میں محکمہ صحت پنجاب کا بڑا ایکشن، دواسپتالوں کے تین پروفیسروں سمیت پانچ  ڈاکٹر معطل کر دیے گئے۔ فرائض سے غفلت برتنےوالوں کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی بھی شروع کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق جناح ہسپتال لاہور میں قصور کی رہائشی زہرہ بی بی کی ٹھنڈے فرش پر ہلاکت کے معاملے میں محکمہ صحت پنجاب نے اتوار کو رات گئے اعلی سطح اجلاس طلب کیا۔ اجلاس میں وزیراعلی معائنہ ٹیم انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں تین پروفیسروں اور ایک سینئر رجسٹرار کو معطل کردیا گیا۔ اس کیس میں جناح ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر ظفر یوسف پہلے ہی معطل ہوچکے ہیں۔ 

جن ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کی گئی ان میں جنرل ہسپتال کے دو پروفیسر ڈاکٹر تنویر الاسلام اور ڈاکٹر جواد ظہیر، جناح ہسپتال کے پروفیسر ڈاکٹرظفر اقبال اور پی آئی سی کے سینئر رجسٹرار ڈاکٹر زبیر شامل ہیں۔

زہرہ بی بی کو جب ان اسپتالوں میں لایا گیا تو یہ چاروں پروفیسر ڈیوٹی پرتھے۔ محکمہ پرائمری ہیلتھ کے کسی ڈاکٹر کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

زہرہ بی بی کو سب سے پہلے ڈی ایچ کیو قصور علاج کے لئے لایا گیا تھا۔ انکوائری ٹیم کی رپورٹ کی روشنی میں جنرل ہسپتال، پی آئی سی اور جناح ہسپتال کے ڈاکٹروں کے خلاف تو کارروائی ہوئی مگر قصوروار ڈاکٹر بچ گئے۔

واضح رہے کہ زہرہ بی بی دوجنوری کو جناح اسپتال کے فرش پر دم توڑ گئی تھی جس کے بعد وزیراعلی پنجاب نے انکوائری کا حکم دیا تھا۔