Tuesday, April 16, 2024

زکا وائرس سے نمٹنے کیلئے 9 ماہ سے جاری انٹرنیشنل ہیلتھ ایمرجنسی کا خاتمہ

زکا وائرس سے نمٹنے کیلئے 9 ماہ سے جاری انٹرنیشنل ہیلتھ ایمرجنسی کا خاتمہ
November 20, 2016

جنیوا (ویب ڈیسک) عالمی ادارہ صحت نے مچھروں کے کاٹنے سے پھیلنے والے زکا وائرس سے نمٹنے کیلئے نو ماہ سے جاری بین الاقوامی طبی ہنگامی حالت ختم کر دی ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارہ صحت نے تسلیم کیا ہے کہ زکا وائرس ابھی مکمل طور پر ختم نہیں ہو سکا لیکن یہ طبی ایمرجنسی بھی نہیں رہا اور ادارہ اس کے مکمل خاتمے کیلئے سرگرمی سے کوششیں جاری رکھے گا۔

زکا وائرس تیس ممالک کے نومولود بچوں میں شدید بیماری اور نقائص کا باعث بنا ہے جن میں مائیکرو سیفیلی بھی شامل ہے جس میں بچے چھوٹے سروں کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں اور ان کے دماغ کی نشوونما رک جاتی ہے۔ ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ محض برازیل میں ہی دماغی نظام کی خرابیوں سے متعلق 2100 معاملات سامنے آئے ہیں۔

اس کی علامات میں بخار، کھجلی اور جوڑوں میں درد شامل ہیں۔ ڈبلیو ایچ او ایمرجنسی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر ڈیون ہیمن کا کہنا تھا یہ اب بھی ایک بڑا اور مستقل خطرہ ہے جس کیخلاف طویل مدتی طریقہ کار اپنایا جائیگا۔