Saturday, April 20, 2024

زندگی ایپ منشیات اور زیادتی واقعات سے نمٹنے میں معاون ہوگی، وزیراعظم

زندگی ایپ منشیات اور زیادتی واقعات سے نمٹنے میں معاون ہوگی، وزیراعظم
January 6, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم نے ”زندگی ایپ “کا افتتاح کردیا۔ زندگی ایپ منشیات اور زیادتی واقعات کی روک تھام میں معاون ہوگی، وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم پوری طاقت سے ان دونوں کا مقابلہ کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دو چیزیں ہماری نئی نسل کو بری طرح تباہ کررہی ہیں، منشیات اب یونیورسٹیوں کے بعد سکولوں تک میں پہنچ چکی ہیں، بچوں سے زیادتی کے واقعات بھی ہمیں بری طرح تباہ کر رہے ہیں۔ عمران خان دوران خطاب بولے کہ زندگی ایپ کے ذریعے ہم ان دونوں چیزوں کے بارے میں آگاہی فراہم کریں گے، یہ معاملہ صرف اے این ایف یا پولیس پر نہیں چھوڑا جاسکتا،اس میں پوری قوم کو شامل ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جنگیں ہمیشہ پورا معاشرہ جیتتا ہے، کبھی ایک ادارہ یہ جنگ نہیں جیت سکتا، اس معاملے میں ٹیچرز اور مولویوں کا بہت اہم کردار ہے، جب تک ہمارا پورا معاشرہ اکٹھا ہوکر نہیں کھڑا ہوگا ہم یہ جنگ نہیں جیت سکتے۔ وزیراعظم عمران خان مزید بولے کہ مجھے آئی جیز سے پتہ چلا کہ جتنا اچھا سکول ہے وہاں اتنی ہی زیادہ منشیات استعمال کی جارہی ہیں، ابھی تک اس حوالے سے معاشرے میں آگاہی ہی نہیں ہے۔