Friday, April 19, 2024

زمین پر زندگی کیسے شروع ہوئی ؟ نیا نظریہ پیش

زمین پر زندگی کیسے شروع ہوئی ؟ نیا نظریہ پیش
December 3, 2015
لاہور (ویب ڈیسک) اگرچہ سیارہ زمین پر زندگی کے آغاز بارے بہت سے نظریات ہیں مگر اس باب میں مزید ایک نظریے کا اضافہ ہو گیا ہے۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ زمین پر زندگی کا آغاز سمندر میں خوردبینی جانوروں کے آکسیجن خارج کرنے سے ہوا تھا جس کے نتیجے میں کرہ ارض پر جانداروں نے جنم لینا شروع کیا۔ سائنس دان کہتے ہیں کہ 80 کروڑ سال قبل زمین پر آکسیجن موجود نہیں تھی اس لیے زندگی کا وجود بھی ناممکن تھا لیکن اسی دوران سمندری خوردبینی اجسام ( پلینکٹن) پیدا ہونے لگے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ ان جانداروں سے آکسیجن خارج ہوئی جس سے ناصرف زمین بلکہ پانی میں بھی مکمل زندگی وجود میں آ گئی۔ ان لاکھوں خوردبینی اجسام نے سورج کی روشنی کو توانائی میں بدل کر اس سے بڑی مقدار میں آکسیجن خارج کی جو کائنات میں زندگی کا باعث بن گئی۔ طویل عرصے تک نیلے اور سبز رنگ کی الجی ”سائنوبیکٹریا“ کو ہی ابتدائی خوردبینی اجسام تصور کیا جاتا رہا ہے جو پانی میں آکسیجن خارج کرتے رہے لیکن یہ بات سامنے نہ آسکی تھی کہ ایسا کیوں ہوتا رہا۔ اب سائنس دانوں نے انکشاف کیا ہے کہ یہ خوردبینی اجسام ابتدا میں سمندری پانی کی بجائے تازہ پانی میں پیدا ہوئے جبکہ بڑے سمندر 60 سے 80 کروڑ سال قبل آکسیجن سے بھر گئے تھے جس سے سمندر میں بھی آبی حیات وجود میں آنے لگی۔ سمندری خوردبینی اجسام تازہ پانی کے مقابلے میں نسبتاً کم عمر ہیں اور باقاعدہ زندگی کے وجود میں آنے سے کچھ ہی عرصہ قبل ہی پیدا ہوئے تھے۔ اس لیے کہا جا سکتا ہے کہ یہی خوردبینی اجسام ہیں جو بڑی مقدار میں آکسیجن پیدا کرکے زمین پر حیات کے آغاز کا باعث بنے۔ سائنسی محققین کے مطابق اس تحقیق سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ سمندروں میں آکسیجن کے تاخیر سے وجود میں آنے کے بہت سے اسباب تھے جن میں ایک سبب یہ ہے کہ یہ اجسام تازہ پانی میں رہتے تھے جبکہ دوسری وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ جب یہ اجسام سمندر میں پہنچے تو ابتدا میں انہیں یہاں رہنے میں مشکلات کا سامنا تھا۔