Saturday, April 27, 2024

زمبابوے کے صدر رابرٹ موگابے کا کرسی چھوڑنے سے انکار

زمبابوے کے صدر رابرٹ موگابے کا کرسی چھوڑنے سے انکار
November 20, 2017

ہرارے (92 نیوز) پارٹی سے نکالنے اور مواخذے کی وارننگ کے باوجود 37 سال سے زمبابوے پر حکمرانی کرنے والے رابرٹ موگابے نے استعفیٰ دینے سے انکار کردیا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ واقعات سے ملک کے آئین اور اُن کے اقتدار کو کوئی خطرہ نہیں۔
زمبابوین صدر رابرٹ موگابے کی اعلیٰ فوجی حکام سے ملاقات اور الٹی میٹم کے بعد یہ توقع کی جا رہی تھی کہ وہ عہدہ چھوڑ دیں گے لیکن انہوں نے ایسا نہ کر کے سب کو حیران کر دیا۔
قوم سے خطاب کرتے ہوئے موگابے نے کہا کہ حالیہ بغاوت سے آئین اور اُن کے اقتدار کو کوئی خطرہ نہیں اور حالات معمول پر لانے کی کوشش کریں گے۔
حکمران جماعت زانو پی ایف سے نکالے جانے کے باوجود موگابے نے اعلان کیا کہ وہ آئندہ ماہ پارٹی اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔
اس اعلان کے بعد ترانوے سالہ صدر کیخلاف آج دوپہر تک مواخذے کی کارروائی کی جائے گی۔
رابرٹ موگابے بائیس دسمبر انیس سو 80 سے زمبابوے پر حکومت کر رہے ہیں۔ اُن کی نا قص معاشی پالیسیوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے باعث ملک کی معیشت تباہ ہو چکی ہے اور عوام پستی کی زندگی گزار رہے ہیں۔