Friday, April 19, 2024

زمبابوے کے صدر رابرٹ موگابے 37 برس بعد مستعفی ہو گئے

زمبابوے کے صدر رابرٹ موگابے  37 برس بعد مستعفی ہو گئے
November 21, 2017

ہرارے ( 92 نیوز ) زمبابوے کے صدر رابرٹ موگابے آخر کار مستعفی ہو گئے ۔ رابرٹ موگابے 37 برس تک زمبابوے کے صدر رہے ۔
زمبابوے کی پارلیمنٹ کے سپیکر جیکب مڈنڈٓ نے رابرٹ موگابے کے استعفے کی تصدیق کر دی ۔
حکمراں جماعت زمبابوے افریقن نیشنل یونین پیٹریاٹک فرنٹ ( زانو پی ایف ) نے اعلان کیا تھا کہ اگر موگابے استعفیٰ نہیں دیتے تو پارلیمنٹ سے ان کا مواخذہ کیا جائے گا ۔ دوسری جانب ان کے مخالفین نے بھی سڑکوں پر آنے کا اعلان کیا تھا۔
رابرٹ موگابے نے قبل ازیں قوم سے خطاب کیا تاہم اپنے استعفے کا ذکر تک نہ کیا ۔ حالانکہ امید کی جا رہی تھی کہ اس خطاب میں وہ استعفیٰ پیش کردیں گے۔
صدر رابرٹ موگابے نے مخالفین کی جانب سے کی جانے والی تنقید کو تسلیم کیا اور کہا کہ ملکی صورتحال کو دوبارہ معمول پر لانے کی ضرورت ہے ۔ بحیثیت فوج کا کمانڈر ان چیف فوج کے تحفظات کو سمجھ سکتا ہوں اور انہیں جلد دور کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ صدر موگابے کی جانب سے نائب صدر ایمرسن مننگاوا کی برطرفی کے بعد ملک میں سیاسی بحران پیدا ہوا تھا جس کے بعد فوج نے 15 نومبر کو اہم سرکاری اداروں کا کنٹرول سنبھالتے ہوئے صدر موگابے کو ان کی رہائش گاہ تک محدود کر دیا تھا۔
ایمرسن مننگاوا کو 93 سالہ صدر موگابے کے بعد صدارت کا ممکنہ امیدوار سمجھا جاتا تھا تاہم موگابے اپنی اہلیہ کے اقتدار میں آنے کی راہ ہموار کرنا چاہتے تھے۔